سورة ص - آیت 4

وَعَجِبُوا أَن جَاءَهُم مُّنذِرٌ مِّنْهُمْ ۖ وَقَالَ الْكَافِرُونَ هَٰذَا سَاحِرٌ كَذَّابٌ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

کافر اس بات پر متعجب ہیں کہ انہی میں سے [٣] ایک ڈرانے والا ان کے پاس آیا ہے اور کافر کہنے لگے کہ : ’’یہ تو جادوگر [٤] ہے بڑا جھوٹا‘‘

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَعَجِبُوا أَن جَاءَهُم مُّنذِرٌ مِّنْهُمْ﴾ یعنی ان جھٹلانے والوں کو ایسے معاملے پر تعجب ہے، جو مقام تعجب نہیں کہ ان کے پاس انھی میں سے ایک ڈرانے والا آیا تاکہ وہ اس سے علم حاصل کرسکیں اور اسے پہچان لیں جیسے کہ پہچاننے کا حق ہے اور چونکہ وہ ڈرانے والا انھی کی قوم میں سے ہے، اس کا اتباع کرنے میں ان کی قومی نخوت آڑے نہیں آئے گی۔ یہ تو ایسی چیز ہے جس پر شکر کرنا اور اس ڈرانے والی ہستی کا اتباع کرنا فرض تھا۔ مگر ان کا رویہ اس کے برعکس تھا۔ انہوں نے انکار کرنے والے پر تعجب کا اظہار کیا اور اپنے کفر و ظلم کی بنا پر کہا : ﴿ هَـٰذَا سَاحِرٌ كَذَّابٌ ﴾ ” یہ جادو گر اور نہایت جھوٹا شخص ہے“