سورة الأحزاب - آیت 17

قُلْ مَن ذَا الَّذِي يَعْصِمُكُم مِّنَ اللَّهِ إِنْ أَرَادَ بِكُمْ سُوءًا أَوْ أَرَادَ بِكُمْ رَحْمَةً ۚ وَلَا يَجِدُونَ لَهُم مِّن دُونِ اللَّهِ وَلِيًّا وَلَا نَصِيرًا

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

آپ ان سے پوچھئے کہ : اگر اللہ تمہیں تکلیف دینا چاہے تو کون ہے جو اس سے تمہیں بچا سکے؟ یا اگر تم پر مہربانی کرنا چاہے [٢٢] (تو کون ہے جو اسے روک سکے) اللہ کے مقابلے میں یہ لوگ نہ کوئی اپنا حامی پاسکتے ہیں اور نہ مددگار

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

پھر اللہ تعالیٰ نے واضح فرمایا کہ جب وہ بندے کے ساتھ کسی برائی کا ارادہ کرلے تو اسباب اس کے کسی کام نہیں آتے۔ ﴿ قُلْ مَن ذَا الَّذِي يَعْصِمُكُم ﴾ ” کہہ دیجیے : تمہیں کون بچا سکتا ہے؟“ ﴿ مِّنَ اللّٰـهِ إِنْ أَرَادَ بِكُمْ سُوءًا ﴾ ” اللہ سے اگر وہ تمہارے ساتھ برائی کا ارادہ کرے۔“ ﴿ أَوْ أَرَادَ بِكُمْ رَحْمَةً ﴾ ” یا اگر تم پر مہربانی کرنا چاہے۔“ کیونکہ وہی عطا کرنے والا اور محروم کرنے والا، نقصان دینے والا اور نفع دینے والا ہے اس کے سوا کوئی بھلائی عطا کرسکتا ہے نہ کوئی برائی دور کرسکتا ہے۔ ﴿ وَلَا يَجِدُونَ لَهُم مِّن دُونِ اللّٰـهِ وَلِيًّا ﴾ ” اور یہ لوگ اللہ کے سوا کسی کو اپنا کارساز نہ پائیں گے۔“ جو ان کی سرپرستی کرے اور ان کو منفعت عطا کرے ﴿ وَلَا نَصِيرًا ﴾ ” اور نہ مددگار“ جو ان کی مدد کرکے ان سے ضرر رساں چیزوں کو دور کردے، اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ اس ہستی کے سامنے سرتسلیم خم کریں جو ان تمام امور میں متفرد ہے جس کی مشیت پوری اور اس کی قضا و قدر نافذ ہوچکی ہے، اس کی ولایت اور اس کی نصرت کو چھوڑ کر کوئی والی اور کوئی مددگار کام نہیں آسکتا۔