وَلَا يَصُدُّنَّكَ عَنْ آيَاتِ اللَّهِ بَعْدَ إِذْ أُنزِلَتْ إِلَيْكَ ۖ وَادْعُ إِلَىٰ رَبِّكَ ۖ وَلَا تَكُونَنَّ مِنَ الْمُشْرِكِينَ
اور ایسا نہ ہونا چاہئے کہ آپ کی طرف سے اللہ تعالیٰ کی آیات نازل ہونے کے بعد کافر آپ کو ان پر عمل پیرا ہونے سے روک دیں۔ آپ انھیں اپنے پروردگار کی طرف دعوت دیجئے اور شرک کرنے والوں میں شامل نہ ہوں [١٢٠]
﴿ وَلَا يَصُدُّنَّكَ عَنْ آيَاتِ اللّٰـهِ بَعْدَ إِذْ أُنزِلَتْ إِلَيْكَ ﴾ ” اور وہ تمہیں اللہ کی آیتوں سے بعد اس کے کہ وہ آپ پر نازل ہوچکی ہیں روک نہ دیں۔“ بلکہ اللہ تعالیٰ کی آیات کو آگے پہنچائیے ان کے احکام کو نافذ کیجئے ان کی چالوں کی پروا نہ کیجئے، کفار آپ کو ان آیات کے بارے میں فریب میں مبتلا نہ کریں اور آپ ان کی خواہشات کی پیروی نہ کیجئے۔ ﴿ وَادْعُ إِلَىٰ رَبِّكَ ﴾ یعنی اپنے رب کی طرف دعوت کو اپنا منتہائے مقصود اور اپنے عمل کی غرض و غایت بنائیے اور جو جو چیز بھی اس کے خلاف ہو اسے چھوڑ دیجئے مثلاً ریا، شہرت کی طلب اور اہل باطل کی اغراض کی موافقت وغیرہ۔ کیونکہ یہ تمام چیزیں اہل باطل کی معیت اور ان کے امور میں ان کی اعانت کی داعی ہیں ﴿ وَلَا تَكُونَنَّ مِنَ الْمُشْرِكِينَ ﴾ یعنی ان کے ساتھ ان کے شرک میں شامل ہوں نہ اس کی فروع میں۔ شرک کی فروع سے مراد تمام گناہ ہیں۔