سورة القصص - آیت 7

وَأَوْحَيْنَا إِلَىٰ أُمِّ مُوسَىٰ أَنْ أَرْضِعِيهِ ۖ فَإِذَا خِفْتِ عَلَيْهِ فَأَلْقِيهِ فِي الْيَمِّ وَلَا تَخَافِي وَلَا تَحْزَنِي ۖ إِنَّا رَادُّوهُ إِلَيْكِ وَجَاعِلُوهُ مِنَ الْمُرْسَلِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

ہم نے موسیٰ کی والدہ کی طرف الہام [١٠] کیا کہ اس بچے (موسیٰ) کو دودھ [١١] پلاتی رہو۔ پھر جب تجھے اس (کے قتل) کا خطرہ ہو تو اسے دریا میں ڈال دینا اور نہ کچھ خود رکھنا اور نہ غم کھانا ہم اس بچے کو تیرے طرف ہی لوٹا دینگے اور اسے اپنا رسول بنا دیں گے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اس کی ابتدا یوں ہوئی کہ جب اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول موسیٰ علیہ السلام کو پیدا فرمایا جن کے ذریعے سے بنی اسرائیل کے گروہ کو نجات دلانا تھی، ان کی پیدائش انتہائی خوف کے حالات میں ہوئی کہ جب وہ اسرائیلی بیٹوں کو ذبح کردیا کرتے تھے۔۔۔ تو اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کی والدہ کی طرف وحی کی کہ وہ اپنے بیٹے موسیٰ علیہ السلام کو دودھ پلاتی رہیں اور انہیں اپنے پاس رکھیں۔﴿فَإِذَا خِفْتِ عَلَيْهِ ﴾ ” اور جب تجھے اس کی نسبت کوئی خوف معلوم ہو“ یعنی جب کسی ایسے شخص کی آمد کا خطرہ محسوس کریں جو اسے فرعون کے پاس لے جائے۔ ﴿فَأَلْقِيهِ فِي الْيَمِّ ﴾ ” تو اسے دریا میں بہادینا“ یعنی ایک صندوق میں بند کرکے دریائے نیل میں ڈال دینا۔ ﴿وَلَا تَخَافِي وَلَا تَحْزَنِي إِنَّا رَادُّوهُ إِلَيْكِ وَجَاعِلُوهُ مِنَ الْمُرْسَلِينَ﴾ ” اور نہ خوف اور غم کھانا بے شک ہم اس بچے کو تیری ہی طرف لوٹادیں گے اور اسے اپنا رسول بنائیں گے۔“ پس اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کی والدہ کو خوشخبری سنادی کہ وہ اس بچے کو ان کے پاس واپس لوٹادے گا، یہ بچہ بڑا ہوگا اور ان کی سازشوں سے محفوظ رہے گا اور اللہ تعالیٰ اس کو رسول بنائے گا۔ یہ بہت بڑی اور جلیل القدر بشارت ہے جو موسیٰ علیہ السلام کی والدہ کو دی گئی تاکہ ان کا دل مطمئن اور ان کا خوف زائل ہوجائے۔