سورة البقرة - آیت 279

فَإِن لَّمْ تَفْعَلُوا فَأْذَنُوا بِحَرْبٍ مِّنَ اللَّهِ وَرَسُولِهِ ۖ وَإِن تُبْتُمْ فَلَكُمْ رُءُوسُ أَمْوَالِكُمْ لَا تَظْلِمُونَ وَلَا تُظْلَمُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور اگر تم نے ایسا نہ کیا تو اللہ اور اس کے رسول کی جانب سے تمہارے خلاف اعلان جنگ ہے [٣٩٨] اور اگر (سود سے) توبہ کرلو تو تم اپنے اصل سرمایہ کے حقدار ہو۔ [٣٩٩] نہ تم ظلم کرو اور نہ تم پر ظلم کیا جائے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَإِن تُبْتُمْ﴾” ہاں اگر تم (سود سے) توبہ کرلو“﴿فَلَكُمْ رُءُوسُ أَمْوَالِكُمْ﴾ ” تو تمہارے لئے تمہارا اصل مال ہے۔“ یعنی وہ وصول کرلو ﴿لَا تَظْلِمُونَ﴾” نہ تم ظلم کرو۔“ کہ اصل قرض سے زیادہ وصول کرو، جو سود ہے۔ ﴿ وَلَا تُظْلَمُونَ﴾ ” اور نہ تم پر ظلم کیا جائے۔“ کہ تمہاری اصل رقم میں کمی کی جائے۔