وَلَوْلَا فَضْلُ اللَّهِ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَتُهُ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ لَمَسَّكُمْ فِي مَا أَفَضْتُمْ فِيهِ عَذَابٌ عَظِيمٌ
اور اگر تم پر دنیا اور آخرت میں اللہ کا فضل اور اس کی زحمت [١٨] نہ ہوتی تو جن باتوں میں تم پڑگئے تھے اس کی پاداش میں تمہیں بہت بڑا عذاب آلیتا۔
﴿ وَلَوْلَا فَضْلُ اللّٰـهِ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَتُهُ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ ﴾ ” اور اگر دنیا و آخرت میں (تمہارے دینی اور دنیاوی امور میں)تم پر اللہ تعالیٰ کا احسان اور اس کی رحمت سایہ کناں نہ ہوتی“ ﴿ لَمَسَّكُمْ فِي مَا أَفَضْتُمْ فِيهِ ﴾ ” تو ضرور پہنچتا تمہیں اس بات کی وجہ سے جس کا چرچا تم نے کیا۔“ یعنی جس بہتان طرازی میں تم شریک ہوئے ہو ﴿ عَذَابٌ عَظِيمٌ ﴾ ” بہت بڑا عذاب۔“ کیونکہ تم اپنی بہتان طرازی کی بنا پر اس عذاب کے مستحق ہوگئے تھے مگر تم پر اللہ تعالیٰ کا فضل اور اس کی بے پایاں رحمت تھی کہ اس نے تمہارے لیے توبہ مشروع کی اور عقوبت کو گناہوں سے پاک کرنے کا ذریعہ بنایا۔