سورة طه - آیت 120
فَوَسْوَسَ إِلَيْهِ الشَّيْطَانُ قَالَ يَا آدَمُ هَلْ أَدُلُّكَ عَلَىٰ شَجَرَةِ الْخُلْدِ وَمُلْكٍ لَّا يَبْلَىٰ
ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی
پھر شیطان نے آدم کے دل میں وسوسہ ڈالا اور کہا : ''آدم! میں تمہیں وہ درخت نہ بتاؤں جس سے ابدی زندگی اور لازوال [٨٦] سلطنت حاصل ہوتی ہے۔''
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
شیطان ان دونوں کے دلوں میں وسوسہ ڈالتا رہا اور ان کے سامنے اس درخت کے پھل کے کھانے کو مزین کرتا رہا، چنانچہ وہ ان سے کہتا : ﴿هَلْ أَدُلُّكَ عَلَىٰ شَجَرَةِ الْخُلْدِ﴾ یعنی جو کوئی اس کو کھائے گا وہ ہمیشہ جنت میں رہے گا۔ ﴿وَمُلْكٍ لَّا يَبْلَىٰ﴾ اور جب وہ اس درخت کا پھل کھا لے گا تو ایسی بادشاہت حاصل ہوگی جو کبھی منقطع نہ ہوگی۔