وَاضْمُمْ يَدَكَ إِلَىٰ جَنَاحِكَ تَخْرُجْ بَيْضَاءَ مِنْ غَيْرِ سُوءٍ آيَةً أُخْرَىٰ
اور ذرا اپنا ہاتھ اپنی بغل میں دباؤ۔ یہ بغیر کسی تکلیف کے چمکتا [١٧] ہوا نکلے گا۔ یہ دوسری نشانی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے دوسرے معجزے کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا : ﴿ وَاضْمُمْ يَدَكَ إِلَىٰ جَنَاحِكَ ﴾ یعنی اپنا ہاتھ اپنے گریبان میں ڈال اور اپنے بازو کو اپنے ساتھ لگا لے جو انسان کے پر ہیں۔ ﴿تَخْرُجْ بَيْضَاءَ مِنْ غَيْرِ سُوءٍ ﴾ یعنی بغیر کسی عیب اور برص وغیرہ کے، سفید، چمکتا ہوا نکلے گا۔ ﴿ آيَةً أُخْرَىٰ﴾ یہ دوسرا معجزہ ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے فرمایا : ﴿فَذَانِكَ بُرْهَانَانِ مِن رَّبِّكَ إِلَىٰ فِرْعَوْنَ وَمَلَئِهِ ۚ إِنَّهُمْ كَانُوا قَوْمًا فَاسِقِينَ ﴾ (القصص :28؍32) ” تیرے رب کی طرف سے یہ دو معجزے ہیں، فرعون اور اس کے درباریوں کی طرف وہ بڑے نافرمان لوگ ہیں۔ “