سورة الكوثر - آیت 1
إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
ہم نے آپ کو کوثر [١] عطا کیا ہے
تفسیر احسن البیان - حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ
1- كَوْثَرٌ، کثرت سے ہے۔ اس کے معتدد معنی بیان کیے گئے ہیں۔ ابن کثیر نے (خیر کثیر) کے مفہوم کو ترجیح دی ہے کیوں کہ اس میں ایسا عموم ہے کہ جس میں دوسرے معنی بھی آجاتے ہیں۔ مثلاً صحیح احادیث میں بتلایا گیا ہے، کہ اس سے ایک نہر مراد ہےجو جنت میں آپ (ﷺ) کو عطا کی جائے گی۔ اسی طرح بعض احادیث میں اس کا مصداق حوض بتلایا گیا ہے، جس سے اہل ایمان جنت میں جانے سے قبل نبی (ﷺ) کے دست مبارک سے پانی پئیں گے۔ اس حوض میں پھر پانی اسی جنت والی نہر سے آرہا ہوگا۔ اسی طرح دنیا کی فتوحات اور آپ (ﷺ) کا رفع ودوام ذکر اور آخرت کا اجر وثواب، سب ہی چیزیں (خیر کثیر) میں آجاتی ہیں۔ (ابن کثیر) ۔