سورة القمر - آیت 45
سَيُهْزَمُ الْجَمْعُ وَيُوَلُّونَ الدُّبُرَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
ان کی یہ جماعت جلد ہی شکست کھا جائے گی اور پیٹھ دکھا کر [٣١] بھاگ کھڑے ہوں گے۔
تفسیر احسن البیان - حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ
1- اللہ نے ان کے زعم باطل کی تردید فرمائی، جماعت سے مراد کفار مکہ ہیں۔ چنانچہ بدر میں انہیں شکست ہوئی اور یہ پیٹھ دے کر بھاگے، رؤسائے شرک اور اساطین کفر ہلاک کردیئے گئے۔ جنگ بدر کے موقعے پرجب نبی نہایت الحاح وزاری سے اپنے خیمے میں مصروف دعا تھے تو حضرت ابوبکر (رضی الله عنہ) نے فرمایا [ حَسْبُكَ يَا رَسُولَ اللهِ! أَلْحَحْتَ عَلَى رَبِّكَ ]۔ بس کیجئے! اللہ کے رسول ! آپ نے رب کے سامنے بہت الحاح وزاری کرلی۔ چنانچہ آپ ( ﷺ خیمے سے باہر تشریف لائے تو آپ کی زبان مبارک پر یہی آیت تھی۔ (البخاری، تفسير سورة اقتربت الساعة)۔