سورة التوبہ - آیت 129

فَإِن تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِيَ اللَّهُ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ ۖ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

پھر بھی اگر لوگ اعراض [١٥٢] کریں تو ان سے کہہ دیجئے : ’’مجھے میرا اللہ کافی ہے۔ جس کے سوا کوئی الٰہ نہیں۔ میں اس پر بھروسہ کرتا ہوں اور وہی عرش عظیم کا مالک ہے‘‘

تفسیر احسن البیان - حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ

1- یعنی آپ کی لائی ہوئی شریعت اور دین رحمت سے۔ 2- جو کفر و اعراض کرنے والوں کے مکرو کید سے مجھے بچا لے گا۔ 3- حضرت ابو الدردا (رضی الله عنہ) فرماتے ہیں کہ جو شخص یہ آیت ﴿حَسْبِیَ اللّٰہُ﴾ (الآیۃَ) صبح اور شام سات سات مرتبہ پڑھ لے گا، اللہ تعالٰی اس کے ہموم (فکر ومشکلات) کو کافی ہو جائے گا۔ (سنن ابی داود۔ نمبر 5081)