لَقَدْ أَرْسَلْنَا رُسُلَنَا بِالْبَيِّنَاتِ وَأَنزَلْنَا مَعَهُمُ الْكِتَابَ وَالْمِيزَانَ لِيَقُومَ النَّاسُ بِالْقِسْطِ ۖ وَأَنزَلْنَا الْحَدِيدَ فِيهِ بَأْسٌ شَدِيدٌ وَمَنَافِعُ لِلنَّاسِ وَلِيَعْلَمَ اللَّهُ مَن يَنصُرُهُ وَرُسُلَهُ بِالْغَيْبِ ۚ إِنَّ اللَّهَ قَوِيٌّ عَزِيزٌ
بلاشبہ ہم نے رسولوں کو واضح دلائل دے کر بھیجا اور ان کے ساتھ کتاب اور میزان نازل کی تاکہ لوگ انصاف پر قائم رہیں۔ اور لوہا (بھی)[٤٢] نازل کیا جس میں بڑا زور ہے اور لوگوں کے لئے اور بھی فائدے ہیں اور اس لئے بھی کہ اللہ کو معلوم ہوجائے کہ اسے دیکھے بغیر کون اس کی [٤٣] اور اس کے رسول کی مدد کرتا ہے اور اللہ بڑا طاقتور ہے اور زبردست ہے۔
لوہے کے فوائد اللہ عزوجل فرماتا ہے کہ ہم نے اپنے پیغمبروں کو ظاہر حجتیں اور بھرپور دلائل دے کر دنیا میں مبعوث فرمایا ، پھر ساتھ ہی انہیں کتاب بھی دی جو کھری اور صاف سچی ہے اور عدل و حق دیا جس سے ہر عقلمند انسان ان کی باتوں کے قبول کر لینے پر فطرتاً مجبور ہو جاتا ہے ، ہاں بیمار رائے والے اور خلاف عقل والے اس سے محروم رہ جاتے ہیں ۔ جیسے اور جگہ ہے «اَفَمَنْ کَانَ عَلٰی بَیِّنَۃٍ مِّنْ رَّبِّہٖ وَیَتْلُوْہُ شَاہِدٌ مِّنْہُ وَمِنْ قَبْلِہٖ کِتٰبُ مُوْسٰٓی اِمَامًا وَّرَحْمَۃً» ۱؎ (11-ھود:17) ’ جو شخص اپنے رب کی طرف دلیل پر ہو اور ساتھ ہی اس کے شاہد بھی ہو ۔‘ ایک اور جگہ ہے «فِطْرَتَ اللہِ الَّتِی فَطَرَ النَّاسَ عَلَیْہَا» ۱؎ (30-الروم:30) ’ اللہ کی یہ فطرت ہے جس پر مخلوق کو اس نے پیدا کیا ہے۔ ‘ اور فرماتا ہے «وَالسَّمَاءَ رَفَعَہَا وَوَضَعَ الْمِیزَانَ» (55-الرحمن:7) ’ آسمان کو اس نے بلند کیا اور میزان رکھ دی ۔ ‘ پس یہاں فرمان ہے یہ اس لیے کہ لوگ حق و عدل پر قائم ہو جائیں ، یعنی اتباع رسول کرنے لگیں امر رسول بجا لائیں ۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہی کی تمام باتوں کو حق سمجھیں کیونکہ اس کے سوا حق کسی اور کا کلام نہیں ۔ جیسے فرمان ہے «وَتَمَّتْ کَلِمَتُ رَبِّکَ صِدْقًا وَعَدْلًا لَّا مُبَدِّلَ لِکَلِمَاتِہِ وَہُوَ السَّمِیعُ الْعَلِیمُ» ۱؎ (6-الانعام:115) ’ تیرے رب کا کلمہ جو اپنی خبروں میں سچا اور اپنے احکام میں عدل والا ہے پورا ہو چکا ۔‘ یہی وجہ ہے کہ جب ایماندار جنتوں میں پہنچ جائیں گے اللہ کی نعمتوں سے مالا مال ہو جائیں گے تو کہیں گے «الْحَمْدُ لِلہِ الَّذِی ہَدَانَا لِہٰذَا وَمَا کُنَّا لِنَہْتَدِیَ لَوْلَا أَنْ ہَدَانَا اللہُ لَقَدْ جَاءَتْ رُسُلُ رَبِّنَا بِالْحَقِّ» ۱؎ (7-الأعراف:43) ’ اللہ کا شکر ہے جس نے ہمیں ہدایت دی اگر اس کی ہدایت نہ ہوتی تو ہم اس راہ نہیں لگ سکتے تھے ہمارے رب کے رسول ہمارے پاس حق لائے تھے ۔‘ پھر فرماتا ہے ’ ہم نے منکرین حق کی سرکوبی کے لیے لوہا بنایا ہے ۔ ‘ یعنی اولاً تو کتاب و رسول اور حق سے حجت قائم کی پھر ٹیڑھے دل والوں کی کجی نکالنے کے لیے لوہے کو پیدا کر دیا تاکہ اس کے ہتھیار بنیں اور اللہ دوست حضرات ، اللہ کے دشمنوں کے دل کا کانٹا نکال دیں ، یہی نمونہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں بالکل عیاں نظر آتا ہے کہ مکہ شریف کے تیرہ سال مشرکین کو سمجھانے ، توحید و سنت کی دعوت دینے ، ان کے عقائد کی اصلاح کرنے میں گزارے ۔ خود اپنے اوپر مصیبتیں جھیلیں لیکن جب یہ حجت ختم ہو گئی تو شرع نے مسلمانوں کو ہجرت کی اجازت دی ، پھر حکم دیا کہ اب ان مخالفین سے جنہوں نے اسلام کی اشاعت کو روک رکھا ہے مسلمانوں کو تنگ کر رکھا ہے ان کی زندگی دو بھر کر دی ہے ان سے باقاعدہ جنگ کرو ، ان کی گردنیں مارو اور ان مخالفین وحی الٰہی سے زمین کو پاک کرو ۔ مسند احمد اور ابوداؤد میں ہے { رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں ” میں قیامت کے آگے تلوار کے ساتھ بھیجا گیا ہوں ، یہاں تک کہ اللہ «وَحدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ» کی ہی عبادت کی جائے اور میرا رزق میرے نیزے کے سایہ تلے رکھا گیا ہے اور کمینہ پن اور ذلت ان لوگوں پر ہے جو میرے حکم کی مخالفت کریں اور جو کسی قوم کی مشابہت کرے وہ انہی میں سے ہے “ } ۔ ۱؎ (سنن ابوداود:4031،قال الشیخ الألبانی:حسن صحیح) پس لوہے سے لڑائی کے ہتھیار بنتے ہیں جیسے تلوار ، نیزے ، چھریاں ، تیز زرہیں وغیرہ اور لوگوں کے لیے اس کے علاوہ بھی بہت سے فائدے ہیں ۔ جیسے سکے ، کدال ، پھاوڑے ، آرے ، کھیتی کے آلات ، بننے کے آلات ، پکانے کے برتن ، توے وغیرہ وغیرہ اور بھی بہت سی ایسی ہی چیزیں جو انسانی زندگی کی ضروریات سے ہیں ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں ” تین چیزیں آدم علیہ السلام کے ساتھ جنت سے آئیں نہائی ، سنی اور ہتھوڑا۔ (ابن جریر) پھر فرمایا تاکہ اللہ جان لے کہ ان ہتھیاروں کے اٹھانے سے اللہ رسول کی مدد کرنے کا نیک ارادہ کس کا ہے ؟ اللہ قوت و غلبہ والا ہے ، اس کے دین کی جو مدد کرے وہ اس کی مدد کرتا ہے ، دراصل اپنے دین کو وہی قوی کرتا ہے اس نے جہاد تو صرف اپنے بندوں کی آزمائش کے لیے مقرر فرمایا ہے ورنہ غلبہ و نصرت تو اسی کی طرف سے ہے ۔