سورة الواقعة - آیت 41

وَأَصْحَابُ الشِّمَالِ مَا أَصْحَابُ الشِّمَالِ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور بائیں ہاتھ والے جو ہوں گے تو ان (کی بدبختی) کا کیا کہنا

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

اصحاب شمال اور عذاب الٰہی اصحاب یمین کا ذکر کرنے کے بعد اصحاب شمال کا ذکر ہو رہا ہے فرماتا ہے ان کا کیا حال ہے یہ کس عذاب میں ہوں گے ؟ پھر ان عذابوں کا بیان فرماتا ہے کہ یہ گرم ہوا کے تھپیڑوں اور کھولتے ہوئے گرم پانی میں ہیں اور دھوئیں کے سخت سیاہ سائے میں جیسے اور جگہ «انطَلِقُوا إِلَی مَا کُنتُم بِہِ تُکَذِّبُونَ» * «انطَلِقُوا إِلَی ظِلٍّ ذِی ثَلَاثِ شُعَبٍ» * «لَّا ظَلِیلٍ وَلَا یُغْنِی مِنَ اللہَبِ» * «إِنَّہَا تَرْمِی بِشَرَرٍ کَالْقَصْرِ» * «کَأَنَّہُ جِمَالَتٌ صُفْرٌ» * «وَیْلٌ یَوْمَئِذٍ لِّلْمُکَذِّبِینَ» (77-المرسلات:34-29) فرمایا ہے یعنی ’ اس دوزخ کی طرف چلو جسے تم جھٹلاتے تھے ۔ چلو تین شاخوں والے سایہ کی طرف جو نہ گھنا ہے نہ آگ کے شعلے سے بچا سکتا ہے ، وہ دوزخ محل کی اونچائی کے برابر چنگاریاں پھینکتی ہے ، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گویا وہ سرد اونٹنیاں ہیں ۔ آج تکذیب کرنے والوں کی خرابی ہے ‘ ۔ اسی طرح یہاں بھی فرمان ہے کہ یہ لوگ جن کے بائیں ہاتھ میں عمل نامہ دیا گیا ہے یہ سخت سیاہ دھوئیں میں ہوں گے جو نہ جسم کو اچھا لگے ، نہ آنکھوں کو بھلا معلوم ہو ، یہ عرب کا محاورہ ہے کہ جس چیز کی زیادہ برائی بیان کر لی ہو وہاں اس کا ہر ایک برا وصف بیان کر کے اس کے بعد «وَلَا کَرِیمٍ» کہہ دیتے ہیں ۔ پھر اللہ تعالیٰ بیان فرمایا ہے یہ لوگ ان سزاؤں کے مستحق اس لیے ہوئے کہ دنیا میں جو اللہ کی نعمتیں انہیں ملی تھیں ان میں یہ سست ہو گئے ۔ رسولوں کی باتوں کی طرف نظر بھی نہ اٹھائی ۔ بدکاریوں میں پڑ گئے اور پھر توبہ کی طرف دلی توجہ بھی نہ رہی ۔ «الْحِنْثِ الْعَظِیمِ» سے مراد بقول سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کفر شرک ہے ، بعض کہتے ہیں جھوٹی قسم ہے ، پھر ان کا ایک اور عیب بیان ہو رہا ہے کہ یہ قیامت کا ہونا بھی محال جانتے تھے ، اس کی تکذیب کرتے تھے اور عقلی استدلال پیش کرتے تھے کہ مر کر مٹی میں مل کر پھر بھی کہیں کوئی جی سکتا ہے ؟ انہیں جواب مل رہا ہے کہ «إِنَّ فِی ذَلِکَ لَآیَۃً لِّمَنْ خَافَ عَذَابَ الْآخِرَۃِ ذَلِکَ یَوْمٌ مَّجْمُوعٌ لَّہُ النَّاسُ وَذَلِکَ یَوْمٌ مَّشْہُودٌ» * «وَمَا نُؤَخِّرُہُ إِلَّا لِأَجَلٍ مَّعْدُودٍ» * «یَوْمَ یَأْتِ لَا تَکَلَّمُ نَفْسٌ إِلَّا بِإِذْنِہِ فَمِنْہُمْ شَقِیٌّ وَسَعِیدٌ» (11-ھود:103-105) تمام اولاد آدم قیامت کے دن نئی زندگی میں پیدا ہو کر اور ایک میدان میں جمع ہو گی ، کوئی ایک وجود بھی ایسا نہ ہو گا جو دنیا میں آیا ہو اور یہاں نہ ہو ۔ جیسے اور جگہ ہے اس دن سب جمع کر دیئے جائیں گے یہ حاضر باشی کا دن ہے ، تمہیں دنیا میں چند روز مہلت ہے ، قیامت کے دن کون ہے جو بلا اجازت اللہ لب بھی ہلا سکے ؟ انسان دو قسم پر تقسیم کر دیئے جائیں گے نیک الگ اور بد علیحدہ ۔ وقت قیامت محدود اور مقرر ہے ، کمی زیادتی تقدیم تاخیر اس میں بالکل نہ ہو گی ۔ پھر تم اے گمراہو اور جھٹلانے والو ! زقوم کے درخت کھلوائے جاؤ گے ، انہیں سے پیٹ بوجھل کرو گے کیونکہ جبراً وہ تمہارے حلق میں ٹھونسا جائے گا ،پھر اس پر کھولتا ہوا پانی تمہیں پینا پڑے گا اور وہ بھی اس طرح جیسے پیاسا اونٹ پی رہا ہو ۔ «ہِیمِ» جمع ہے اس کا واحد «اہِیم» ہے مونث «ہیماء» ہے «ہائم» اور «ہائمہ» بھی کہا جاتا ہے ۔ سخت پیاس والے اونٹ کو کہتے ہیں جسے پیاس کی بیماری ہوتی ہے پانی چوستا رہتا ہے لیکن سیرابی نہیں ہوتی اور نہ اس بیماری سے اونٹ جانبر ہوتا ہے ، اسی طرح یہ جہنمی جبراً سخت گرم پانی پلائے جائیں گے جو خود ایک بدترین عذاب ہو گا بھلا اس سے پیاس کیا رکتی ہے ؟ سیدنا خالد بن معدان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک ہی سانس میں پانی پینا یہ بھی پیاس والے اونٹ کا سا پینا ہے اس لیے مکروہ ہے پھر فرمایا ان مجرموں کی ضیافت آج جزا کے دن یہی ہے ، جیسے متقین کے بارے میں اور جگہ ہے «إِنَّ الَّذِینَ ءَامَنُواْ وَعَمِلُواْ الصَّـلِحَاتِ کَانَتْ لَہُمْ جَنَّـتُ الْفِرْدَوْسِ نُزُلاً» (18-الکھف:107) ان کی مہمانداری جنت الفردوس ہے ۔