سورة محمد - آیت 16

وَمِنْهُم مَّن يَسْتَمِعُ إِلَيْكَ حَتَّىٰ إِذَا خَرَجُوا مِنْ عِندِكَ قَالُوا لِلَّذِينَ أُوتُوا الْعِلْمَ مَاذَا قَالَ آنِفًا ۚ أُولَٰئِكَ الَّذِينَ طَبَعَ اللَّهُ عَلَىٰ قُلُوبِهِمْ وَاتَّبَعُوا أَهْوَاءَهُمْ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور ان میں سے کچھ ایسے ہیں (یعنی منافقین) جو آپ کی بات کان لگا کر سنتے ہیں۔ پھر جب تمہارے ہاں سے باہر جاتے ہیں تو ان لوگوں سے، جنہیں علم دیا گیا ہے، پوچھتے ہیں کہ ابھی ابھی اس (نبی) نے کیا کہا تھا ؟ یہی لوگ ہیں، جن کے دلوں پر اللہ نے مہر لگا دی ہے اور وہ اپنی [١٩] خواہشوں کے پیچھے لگے ہوئے ہیں

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

بے وقوف ، کند ذہن اور جاہل منافقوں کی کند ذہنی اور بےعلمی ، ناسمجھی اور بیوقوفی کا بیان ہو رہا ہے کہ باوجود مجلس میں شریک ہونے کے ، کلام الرسول صلی اللہ علیہ وسلم سن لینے کے ، پاس بیٹھے ہونے کے ، ان کی سمجھ میں کچھ نہیں آتا ۔ مجلس کے خاتمے کے بعد اہل علم صحابہ رضی اللہ عنہم سے پوچھتے ہیں کہ اس وقت کیا کیا کہا ؟ یہ ہیں جن کے دلوں پر مہر اللہ لگ چکی ہے اور اپنے نفس کی خواہش کے پیچھے پڑ گئے ہیں ، فہم صریح اور قصد صحیح ہے ہی نہیں ۔ پھر اللہ عزوجل فرماتا ہے جو لوگ ہدایت کا قصد کرتے ہیں ، انہیں خود اللہ بھی توفیق دیتا ہے اور ہدایت نصیب فرماتا ہے ، پھر اس پر جم جانے کی ہمت بھی عطا فرماتا ہے اور ان کی ہدایت بڑھاتا رہتا ہے اور انہیں رشد و ہدایت الہام فرماتا رہتا ہے ۔ پھر فرماتا ہے کہ یہ تو اسی انتظار میں ہیں کہ اچانک قیامت قائم ہو جائے ۔ تو یہ معلوم کر لیں کہ اس کے قریب کے نشانات تو ظاہر ہو چکے ہیں ۔ جیسے اور موقعہ پر ارشاد ہوا ہے «ھٰذَا نَذِیْرٌ مِّنَ النٰذُرِ الْاُوْلٰی أَزِفَتِ الْآزِفَۃُ» ۱؎ (53-النجم:57،56) ’ یہ ڈرانے والا ہے اگلے ڈرانے والوں سے ، قریب آنے والی قریب آ چکی ہے ‘ ۔ اور بھی ارشاد ہوتا ہے «اِقْتَرَبَتِ السَّاعَۃُ وَانْشَقَّ الْقَمَرُ» ۱؎ (54-القمر:1) ، قیامت قریب ہو گئی اور چاند پھٹ گیا اور فرمایا «اِقْتَرَبَ للنَّاسِ حِسَابُہُمْ وَہُمْ فِیْ غَفْلَۃٍ مٰعْرِضُوْنَ» ۱؎ (21-الأنبیاء:1) ’ لوگوں کا حساب قریب آ گیا پھر بھی وہ غفلت میں منہ موڑے ہوئے ہیں ‘ ۔ پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نبی ہو کر دنیا میں آنا قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے اس لیے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم رسولوں کے ختم کرنے والے ہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کو کامل کیا اور اپنی حجت اپنی مخلوق پر پوری کی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قیامت کی شرطیں اور اس کی علامتیں اس طرح بیان فرما دیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے کسی نبی نے اس قدر وضاحت نہیں کی تھی جیسے کہ اپنی جگہ وہ سب بیان ہوئی ہیں ۔ حسن بصری فرماتے ہیں ” نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا آنا قیامت کی شرطوں میں سے ہے “ ، چنانچہ خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام حدیث میں یہ آئے ہیں { «نبی التوبہ» ، «نبی الملحمہ» ، «حاشر» جس کے قدموں پر لوگ جمع کئے جائیں ، «عاقب» جس کے بعد کوئی نبی نہ ہو ۔ } ۱؎ (صحیح مسلم:124) بخاری شریف کی حدیث میں ہے کہ { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیچ کی انگلی اور اس کے پاس والی انگلی کو اٹھا کر فرمایا : ” میں اور قیامت مثل ان دونوں کے بھیجے گئے ہیں “ } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:4936) اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ کافروں کو قیامت قائم ہو جانے کے بعد نصیحت و عبرت کیا سود مند ہو گی ؟ جیسے ارشاد ہے «یَوْمَیِٕذٍ یَّتَذَکَّرُ الْاِنْسَانُ وَاَنّٰی لَہُ الذِّکْرٰی» ۱؎ (89-الفجر:23) ’ اس دن انسان نصیحت حاصل کر لے گا لیکن اس کے لیے نصیحت کہاں ؟ ‘ یعنی قیامت کے دن کی عبرت بےسود ہے ۔ اور آیت میں ہے «وَّقَالُوْٓا اٰمَنَّا بِہٖ وَاَنّٰی لَہُمُ التَّنَاوُشُ مِنْ مَّکَانٍ بَعِیْدٍ» ۱؎ (34-سبأ:52) یعنی ’ اس وقت کہیں گے کہ ہم قرآن پر ایمان لائے حالانکہ اب انہیں ایسے دور از امکان پر دسترس کہاں ہو سکتی ہے ؟ ‘ یعنی ان کا ایمان اس وقت بےسود ہے ۔ پھر فرماتا ہے ’ اے نبی ! جان لو کہ اللہ ہی معبود برحق ہے کوئی اور نہیں ‘ ، یہ دراصل خبر دینا ہے اپنی وحدانیت کا ، یہ تو ہو نہیں سکتا کہ اللہ اس کے علم کا حکم دیتا ہو ۔ اسی لیے اس پر عطف ڈال کر فرمایا اپنے گناہوں کا اور مومن مرد و عورت کے گناہوں کا استغفار کرو ۔ صحیح حدیث میں ہے { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ” « اللہُمَّ اغْفِرْ لِی خَطِیئَتِی ، وَجَہْلِی ، وَإِسْرَافِی فِی أَمْرِی ، وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِہِ مِنِّی ، اللہُمَّ اغْفِرْ لِی ہَزْلِی وَجِدِّی ، وَخَطَئی ، وَعَمْدِی ، وَکُلٰ ذَلِکَ عِنْدِی » یعنی ، اے اللہ ! میری خطاؤں کو اور میری جہالت کو اور میرے کاموں میں مجھ سے جو زیادتی ہو گئی ہو اس کو اور ہر چیز کو جسے تو مجھ سے بہت زیادہ جاننے والا ہے بخش ۔ اے اللہ میرے بے قصد گناہوں کو اور میرے عزم سے کئے ہوئے گناہوں کو اور میری خطاؤں اور میرے قصد کو بخش اور یہ تمام میرے پاس ہے “ } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:2398) اور صحیح حدیث میں ہے کہ { آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی نماز کے آخر میں کہتے «اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ مَا قَدَّمْتُ وَمَا اَخَّرْتُ وَمَا اَسْرَرْتُ وَمَا اَعْلَنْتُ وَمَا أَسْرَفْتُ ، وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِہٖ مِنِّیْ ، أَنْتَ الْمُقَدِّمُ وَأَنْتَ الْمُوَخِّرُ لَا اِلٰہَ إلاَّ أَنْتَ» یعنی ، ” اے اللہ ! میں نے جو کچھ گناہ پہلے کئے ہیں اور جو کچھ پیچھے کئے ہیں اور جو چھپا کر کئے ہیں اور جو ظاہر کئے ہیں اور جو زیادتی کی ہے اور جنہیں تو مجھ سے زیادہ جانتا ہے بخش دے ، تو ہی میرا اللہ ہے تیرے سوا کوئی معبود نہیں “ } ۔ ۱؎ (صحیح مسلم:771) اور صحیح حدیث میں ہے کہ { آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اے لوگو ! اپنے رب کی طرف توبہ کرو پس تحقیق میں اپنے رب کی طرف استغفار کرتا ہوں اور اس کی طرف توبہ کرتا ہوں ، ہر ایک دن ستر بار سے بھی زیادہ “ } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:6307) مسند احمد میں ہے { عبداللہ بن سرخس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ آپ کے کھانے میں سے کھانا کھایا ، پھر میں نے کہا : یا رسول اللہ ! اللہ آپ کو بخشے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اور تجھے بھی “ تو میں نے کہا : کیا میں آپ کے لیے استغفار کروں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ہاں اور اپنے لیے بھی “ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت پڑھی ” اپنے گناہوں اور مومن مردوں اور باایمان عورتوں کے گناہوں کی بخشش طلب کر “ ۔ پھر میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے داہنے کھوے یا بائیں ہتھیلی کو دیکھا وہاں کچھ جگہ ابھری ہوئی تھی جس پر گویا تل تھے } ۱؎ (صحیح مسلم:2346) ۔ اسے مسلم ، ترمذی ، نسائی وغیرہ نے بھی روایت کیا ہے ۔ ابو یعلیٰ میں ہے { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم ««لَا إِلٰہَ إِلَّا اللہُ»» کا اور «اَسْتَغْفِرُ اﷲَ» کا کہنا لازم پکڑو اور انہیں بکثرت کہا کرو اس لیے کہ ابلیس کہتا میں نے لوگوں کو گناہوں سے ہلاک کیا اور انہوں نے مجھے ان دونوں کلموں سے ہلاک کیا ۔ میں نے جب یہ دیکھا تو انہیں خواہشوں کے پیچھے لگا دیا پس وہ سمجھتے ہیں کہ ہم ہدایت پر ہیں “ } ۔ ایک اور اثر میں ہے کہ { ابلیس نے کہا : اللہ مجھے تیری عزت اور تیرے جلال کی قسم جب تک کسی شخص کی روح اس کے جسم میں ہے ، میں اسے بہکاتا رہوں گا پس اللہ عزوجل نے فرمایا : ’ مجھے بھی قسم ہے اپنی بزرگی اور بڑائی کی کہ میں بھی انہیں بخشتا ہی رہوں گا جب تک وہ مجھ سے استغفار کرتے رہیں ‘ } ۔ ۱؎ (مسند احمد:76/3:ضعیف ولہ شواہد) استغفار کی فضیلت میں اور بھی بہت سی حدیثیں ہیں ۔ پھر اللہ تبارک وتعالیٰ فرماتا ہے کہ تمہارا دن میں ہیر پھیر اور تصرف کرنا اور تمہارا رات کو جگہ پکڑنا اللہ تعالیٰ جانتا ہے ۔ جیسے فرمان ہے «وَہُوَ الَّذِیْ یَتَوَفّٰیکُمْ بالَّیْلِ وَیَعْلَمُ مَا جَرَحْتُمْ بالنَّہَارِ ثُمَّ یَبْعَثُکُمْ فِیْہِ لِیُقْضٰٓی اَجَلٌ مٰسَمًّی ثُمَّ اِلَیْہِ مَرْجِعُکُمْ ثُمَّ یُنَبِّئُکُمْ بِمَا کُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ» ۱؎ (6-الأنعام:60) یعنی ’ اللہ وہ ہے جو تمہیں رات کو فوت کر دیتا ہے اور دن میں جو کچھ تم کرتے ہو وہ جانتا ہے ‘ ۔ ایک اور آیت میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا فرمان ہے «وَمَا مِن دَابَّۃٍ فِی الْأَرْ‌ضِ إِلَّا عَلَی اللہِ رِ‌زْقُہَا وَیَعْلَمُ مُسْتَقَرَّ‌ہَا وَمُسْتَوْدَعَہَا کُلٌّ فِی کِتَابٍ مٰبِینٍ» ۱؎ (11-ہود:6) ، یعنی ’ زمین پر جتنے بھی چلنے والے ہیں ان سب کی روزی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے اور وہ ان کے رہنے کی جگہ اور دفن ہونے کا مقام جانتا ہے یہ سب باتیں واضح کتاب میں لکھی ہوئی ہیں ‘ ۔ ابن جریج رحمہ اللہ کا یہی قول ہے اور امام جریر رحمہ اللہ بھی اسی کو پسند کرتے ہیں ۔ ۱؎ (تفسیر ابن جریر الطبری:318/11:) سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کا قول ہے کہ مراد آخرت کا ٹھکانا ہے ۔ سدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں تمہارا چلنا پھرنا دنیا میں اور تمہاری قبروں کی جگہ اسے معلوم ہے لیکن اول قول ہی اولیٰ اور زیادہ ظاہر ہے ۔ «وَاللہُ اَعْلَمُ»