وَلِلَّهِ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۚ وَيَوْمَ تَقُومُ السَّاعَةُ يَوْمَئِذٍ يَخْسَرُ الْمُبْطِلُونَ
آسمانوں اور زمین کی بادشاہی اللہ ہی کی ہے اور جس دن قیامت قائم ہوگی اس دن باطل پرست خسارہ میں پڑ [٤٠] جائیں گے
اس دن ہر شخص گھٹنوں کے بل گرا ہو گا اب سے لے کر ہمیشہ تک اور آج سے پہلے بھی تمام آسمانوں کا کل زمینوں کا مالک بادشاہ سلطان اللہ تعالیٰ ہی ہے ۔ اللہ کے اور اس کی کتابوں کے اور اس کے رسولوں کے منکر قیامت کے روز بڑے گھاٹے میں رہیں گے ۔ سفیان ثوری رحمہ اللہ جب مدینے شریف میں تشریف لائے تو آپ نے سنا کہ معافری ایک ظریف شخص ہیں ، لوگوں کو اپنے کلام سے ہنسایا کرتے ہیں ، تو آپ نے انہیں نصیحت کی اور فرمایا : ” کیوں جناب کیا آپ کو معلوم نہیں کہ ایک دن آئے گا جس میں باطل والے خسارے میں پڑیں گے “ ۔ اس کا بہت اچھا اثر ہوا اور معافری رحمہ اللہ مرتے دم تک اس نصیحت کو نہ بھولے ۔ (ابن ابی حاتم) فرمایا وہ دن ایسا ہولناک اور سخت تر ہو گا کہ ہر شخص گھٹنوں پر گر جائے گا ۔ یہاں تک کہ خلیل اللہ ابراہیم علیہ السلام اور روح اللہ عیسیٰ علیہ السلام بھی ۔ ان کی زبان سے بھی اس وقت «نفسی نفسی نفسی» نکلے گا ۔ صاف کہہ دیں گے کہ ” اللہ آج ہم تجھ سے اور کچھ نہیں مانگتے صرف اپنی سلامتی چاہتے ہیں “ ۔ عیسیٰ علیہ السلام فرمائیں گے کہ ” آج میں اپنی والدہ کے لیے بھی تجھ سے کچھ عرض نہیں کرتا بس مجھے بچا لے “ ۔ گو بعض مفسرین نے کہا ہے کہ مراد یہ ہے کہ ہر گروہ جداگانہ الگ الگ ہو گا لیکن اس سے اولیٰ اور بہتر وہی تفسیر ہے جو ہم نے کی یعنی ہر ایک اپنے زانو پر گرا ہوا ہو گا ۔ ابن ابی حاتم میں ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں { گویا کہ میں تمہیں جہنم کے پاس زانو پر جھکے ہوئے دیکھ رہا ہوں } ۔ اور مرفوع حدیث میں جس میں صور وغیرہ کا بیان ہے یہ بھی ہے کہ { پھر لوگ جدا جدا کر دئیے جائیں گے اور تمام امتیں زانو پر جھکیں پڑیں گی } ۔ یہی اللہ کا فرمان ہے «وَتَرَیٰ کُلَّ أُمَّۃٍ جَاثِیَۃً کُلٰ أُمَّۃٍ تُدْعَیٰ إِلَیٰ کِتَابِہَا الْیَوْمَ تُجْزَوْنَ مَا کُنتُمْ تَعْمَلُونَ» ۱؎ (45-الجاثیۃ:28) ، اس میں دونوں حالتیں جمع کر دی ہیں ، پس دراصل دونوں تفسیروں میں ایک دوسرے کے خلاف نہیں ۔ «وَاللہُ اَعْلَمُ» پھر فرمایا ہر گروہ اپنے نامہ اعمال کی طرف بلایا جائے گا ۔ جیسے ارشاد ہے «وَوُضِعَ الْکِتَابُ وَجِیءَ بِالنَّبِیِّینَ وَالشٰہَدَاءِ وَقُضِیَ بَیْنَہُم بِالْحَقِّ وَہُمْ لَا یُظْلَمُونَ» ۱؎ (39-الزمر:69) ، ’ نامہ اعمال رکھا جائے گا اور نبیوں اور گواہوں کو لایا جائے گا ‘ ، آج تمہیں تمہارے ہر ہر عمل کا بدلہ بھرپور دیا جائے گا ۔ جیسے فرمان ہے «یُنَبَّؤُا الْاِنْسَانُ یَوْمَیِٕذٍ بِمَا قَدَّمَ وَاَخَّرَ بَلِ الْإِنسَانُ عَلَیٰ نَفْسِہِ بَصِیرَۃٌ وَلَوْ أَلْقَیٰ مَعَاذِیرَہُ» ۱؎ (75-القیامۃ:15-13) ’ انسان کو ہر اس چیز سے باخبر کر دیا جائے گا جو اس نے آگے بھیجی اور پیچھے چھوڑی اس کے اگلے پچھلے تمام اعمال ہوں گے بلکہ خود انسان اپنے حال پر خوب مطلع ہو جائے گا گو اپنے تمام تر حیلے سامنے لا ڈالے ‘ ۔ یہ اعمال نامہ جو ہمارے حکم سے ہمارے امین اور سچے فرشتوں نے لکھا ہے وہ تمہارے اعمال کو تمہارے سامنے پیش کر دینے کے لیے کافی و وافی ہیں جیسے ارشاد ہے «وَوُضِـعَ الْکِتٰبُ فَتَرَی الْمُجْرِمِیْنَ مُشْفِقِیْنَ مِمَّا فِیْہِ وَیَقُوْلُوْنَ یٰوَیْلَتَنَا مَالِ ہٰذَا الْکِتٰبِ لَا یُغَادِرُ صَغِیْرَۃً وَّلَا کَبِیْرَۃً اِلَّآ اَحْصٰیہَا» ۱؎ (18-الکہف:49) ، یعنی ’ نامہ اعمال سامنے رکھ دیا جائے گا تو تو دیکھے گا کہ گنہگار اس سے خوفزدہ ہو جائیں گے اور کہیں گے ہائے ہماری کم بختی اور عمل نامے کی تو یہ صفت ہے کہ کسی چھوٹے بڑے عمل کو قلم بند کئے بغیر چھوڑا ہی نہیں ہے جو کچھ انہوں نے کیا تھا سب سامنے حاضر پا لیں گے ، تیرا رب کسی پر ظلم نہیں کرتا ‘ ۔ پھر فرماتا ہے کہ ہم نے محافظ فرشتوں کو حکم دے دیا تھا کہ وہ تمہارے اعمال لکھتے رہا کریں ۔ { سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما وغیرہ فرماتے ہیں کہ ” فرشتے بندوں کے اعمال لکھتے ہیں ، پھر انہیں لے کر آسمان پر چڑھتے ہیں ، آسمان کے دیوان عمل کے رشتے اس نامہ اعمال کو لوح محفوظ میں لکھے ہوئے اعمال سے ملاتے ہیں جو ہر رات اس کی مقدار کے مطابق ان پر ظاہر ہوتا ہے جسے اللہ نے اپنی مخلوق کی پیدائش سے پہلے ہی لکھا ہے تو ایک حرف کی کمی زیادتی نہیں پاتے پھر آپ نے اسی آخری جملے کی تلاوت فرمائی “ } ۔