سورة الزمر - آیت 75

وَتَرَى الْمَلَائِكَةَ حَافِّينَ مِنْ حَوْلِ الْعَرْشِ يُسَبِّحُونَ بِحَمْدِ رَبِّهِمْ ۖ وَقُضِيَ بَيْنَهُم بِالْحَقِّ وَقِيلَ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

نیز (اس دن) آپ دیکھیں گے کہ فرشتے عرش کے گرد حلقہ باندھے، اپنے پروردگار کی تعریف [٩٦] کے ساتھ تسبیح کر رہے ہیں۔ اور لوگوں میں انصاف کے ساتھ فیصلہ کیا جائے گا اور سب کہیں گے کہ :''سب تعریف اس اللہ کے لئے ہے جو تمام جہانوں کا پروردگار ہے۔''

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

روز قیامت انصاف کے ساتھ فیصلہ ہو گا جبکہ اللہ تعالیٰ نے اہل جنت اور اہل جہنم کا فیصلہ سنا دیا اور انہیں ان کے ٹھکانے پہنچائے جانے کا حال بھی بیان کر دیا ۔ اور اس میں اپنے عدل و انصاف کا ثبوت بھی دے دیا ، تو اس آیت میں فرمایا کہ ’ قیامت کے روز اس وقت تو دیکھے گا کہ فرشتے اللہ کے عرش کے چاروں طرف کھڑے ہوں گے اور اللہ تعالیٰ کی حمد و تسبیح بزرگی اور بڑائی بیان کر رہے ہوں گے ‘ ۔ ساری مخلوق میں عدل و حق کے ساتھ فیصلے ہو چکے ہوں گے ۔ اس سراسر عدل اور بالکل رحم والے فیصلوں پر کائنات کا ذرہ ذرہ اس کی ثنا خوانی کرنے لگے گا اور جاندار چیز سے آواز آئے گی کہ « الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِینَ» چونکہ اس وقت ہر اک تر و خشک چیز اللہ کی حمد بیان کرے گی اس لیے یہاں مجہول کا صیغہ لا کر فاعل کو عام کر دیا گیا ۔ قتادہ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں خلق کی پیدائش کی ابتداء بھی حمد سے ہے ، فرماتا ہے «الْحَمْدُ لِلہِ الَّذِی خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ» ۱؎ (6-الأنعام:1) اور مخلوق کی انتہا بھی حمد سے ہے ، فرماتا ہے «وَقُضِیَ بَیْنَہُمْ بالْحَقِّ وَقِیْلَ الْحَـمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ» ۱؎ (39-الزمر:75) ۔ «اَلْحَمْدُ لِلہِ» سورۃ الزمر کی تفسیر ختم ہوئی ۔