وَيَسْأَلُونَكَ عَنِ الْجِبَالِ فَقُلْ يَنسِفُهَا رَبِّي نَسْفًا
لوگ آپ سے پہاڑوں [٧٤] کے بارے میں پوچھتے ہیں (کہ قیامت کو ان کا کیا بنے گا ؟) آپ ان سے کہئے کہ میرا پروردگار انھیں دھول بنا کر اڑا دے گا۔
پہاڑوں کا کیا ہو گا؟ لوگوں نے پوچھا کہ قیامت کے دن یہ پہاڑ باقی رہیں گے یا نہیں ؟ ان کا سوال نقل کر کے جواب دیا جاتا ہے کہ یہ ہٹ جائیں گے ، چلتے پھرتے نظر آئیں گے اور آخر ریزہ ریزہ ہو جائیں گے ۔ زمین صاف چٹیل ہموار میدان کی صورت میں ہو جائے گی ۔ «قاع» کے معنی ہموار صاف میدان ہے ۔ «صفصفا» اسی کی تاکید ہے اور «صفصف» کے معنی بغیر روئیدگی کی زمین کے بھی ہیں لیکن پہلے معنی زیادہ اچھے ہیں اور دوسرے مرادی اور لازمی ہیں ۔ نہ اس میں کوئی وادی رہے گی نہ ٹیلہ ، نہ اونچان رہے گی نہ نیچائی ۔ ان دہشت ناک امور کے ساتھ ہی ایک آواز دینے والا آواز دے گا جس کی آواز پر ساری مخلوق لگ جائے گی ، دوڑتی ہوئی حسب فرمان ایک طرف چلی جا رہی ہو گی ، نہ ادھر ادھر ہو گی نہ ٹیڑھی بان کی چلے گی ۔ کاش کہ یہی روش دنیا میں رکھتے اور اللہ کے احکام کی بجا آوری میں مشغول رہتے ۔ لیکن آج کی یہ روش بالکل بےسود ہے ۔ «أَسْمِعْ بِہِمْ وَأَبْصِرْ یَوْمَ یَأْتُونَنَا» ۱؎ (19-مریم:38) اس دن تو خوب دیکھتے سنتے بن جائیں گے اور آواز کے ساتھ فرماں برداری کریں گے ۔ اندھیری جگہ حشر ہو گا ۔ آسمان لپیٹ لیا جائے گا ، ستارے جھڑ پڑیں گے ، سورج چاند مٹ جائے گا ۔ «مٰہْطِعِینَ إِلَی الدَّاعِ ۖ یَقُولُ الْکَافِرُونَ ہٰذَا یَوْمٌ عَسِرٌ » ۱؎ (54-القمر:8) آواز دینے والے کی آواز پر سب چل کھڑے ہوں گے ۔ اس ایک میدان میں ساری مخلوق جمع ہو گی مگر اس غضب کا سناٹا ہو گا کہ آداب بارگاہ الٰہی کی وجہ سے ایک آواز نہ اٹھے گی ۔ بالکل سکون وسکوت ہو گا ، صرف پیروں کی چاپ ہو گی اور کانا پھوسی ۔ چل کر جا رہے ہوں گے تو پیروں کی چاپ تو لامحالہ ہونی ہی ہے اور بااجازت الٰہی کبھی کبھی کسی کسی حال میں بولیں گے بھی ۔ لیکن چلنا بھی باادب اور بولنا بھی باادب ۔ جیسے ارشاد ہے ، « یَوْمَ یَاْتِ لَا تَکَلَّمُ نَفْسٌ اِلَّا بِاِذْنِہٖ ۚ فَمِنْہُمْ شَقِیٌّ وَّسَعِیْدٌ » ۔ (11-ہود:105) ’ یعنی جس دن وہ میرے سامنے حاضر ہوں گے ، کسی کی مجال نہ ہو گی کہ بغیرمیری اجازت کے زبان کھول لے ۔ بعض نیک ہوں گے اور بعض بد ہوں گے ۔‘