سورة النحل - آیت 26

قَدْ مَكَرَ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ فَأَتَى اللَّهُ بُنْيَانَهُم مِّنَ الْقَوَاعِدِ فَخَرَّ عَلَيْهِمُ السَّقْفُ مِن فَوْقِهِمْ وَأَتَاهُمُ الْعَذَابُ مِنْ حَيْثُ لَا يَشْعُرُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

ان سے پہلے بھی لوگ (حق کے خلاف) چالیں چلتے [٢٦] رہے ہیں۔ پھر اللہ نے ان کے مکر کی عمارت کو بنیادوں سے اکھاڑ پھینکا اور اوپر سے چھت بھی ان پر گرا دی اور انھیں عذاب ایسی جگہ سے آیا جہاں سے ان کا وہم و گمان بھی نہ تھا

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

نمرود کا تذکرہ بعض تو کہتے ہیں اس مکار سے مراد نمرود ہے جس نے بالاخانہ تیار کیا تھا ۔ سب سے پہلے سب سے بڑی سرکشی اسی نے زمین میں کی ۔ اللہ تعالیٰ نے اسے ہلاک کرنے کو ایک مچھر بھیجا جو اس کے نتھنے میں گھس گیا اور چار سو سال تک اس کا بھیجا چاٹتا رہا ، اس مدت میں اسے اس وقت قدرے سکون معلوم ہوتا تھا جب اس کے سر پر ہتھوڑے مارے جائیں ، خوب فساد پھیلایا تھا ۔ بعض کہتے ہیں اس کے سر پر ہتھوڑے پڑتے رہتے تھے ۔ اس نے چار سو سال تک سلطنت بھی کی تھی اور خوب فساد پھیلایا تھا ۔ بعض کہتے ہیں اس سے مراد بخت نصر ہے یہ بھی بڑا مکار تھا لیکن اللہ کو کوئی کیا نقصان پہنچا سکتا ہے ؟ «وَإِن کَانَ مَکْرُہُمْ لِتَزُولَ مِنْہُ الْجِبَالُ» ۱؎ (14-إبراھیم:46) ’ گو اس کا مکر پہاڑوں کو بھی اپنی جگہ سے سرکا دینے والا ہو ‘ ۔ بعض کہتے ہیں یہ تو کافروں اور مشرکوں نے اللہ کے ساتھ جو غیروں کی عبادت کی ان کے عمل کی بربادی کی مثال ہے جیسے نوح علیہ السلام نے فرمایا تھا آیت «وَمَکَرُوا مَکْرًا کُبَّارًا» (71-نوح:22) ان ’ کافروں نے بڑا ہی مکر کیا ، ہر حیلے سے لوگوں کو گمراہ کیا ، ہر وسیلے سے انہیں شرک پر آمادہ کیا ‘ ۔ چنانچہ ان کے چیلے قیامت کے دن ان سے کہیں گے «بَلْ مَکْرُ اللَّیْلِ وَالنَّہَارِ إِذْ تَأْمُرُونَنَا أَن نَّکْفُرَ بِ اللہِ وَنَجْعَلَ لَہُ أَندَادًا» ۱؎ (34-سبأ:33) کہ ’ تمہارا رات دن کا مکر کہ ہم سے کفر و شرک کے لیے کہنا ‘ ، الخ ۔ ان کی عمارت کی جڑ اور بنیاد سے عذاب الٰہی آیا یعنی بالکل ہی کھودیا اصل سے کاٹ دیا جیسے فرمان ہے «کُلَّمَا أَوْقَدُوا نَارًا لِّلْحَرْبِ أَطْفَأَہَا اللہُ» ۱؎ (5-المائدہ:64) ’ جب لڑائی کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں اللہ تعالیٰ اسے بجھا دیتا ہے ‘ ۔ اور فرمان ہے کہ «فَأَتَاہُمُ اللہُ مِنْ حَیْثُ لَمْ یَحْتَسِبُوا وَقَذَفَ فِی قُلُوبِہِمُ الرٰعْبَ یُخْرِبُونَ بُیُوتَہُم بِأَیْدِیہِمْ وَأَیْدِی الْمُؤْمِنِینَ فَاعْتَبِرُوا یَا أُولِی الْأَبْصَارِ» ۱؎ (59-الحشر:2) ’ ان کے پاس اللہ ایسی جگہ سے آیا جہاں کا انہیں خیال بھی نہ تھا ، ان کے دلوں میں ایسا رعب ڈال دیا کہ یہ اپنے ہاتھوں اپنے مکانات تباہ کرنے لگے اور دوسری جانب سے مومنوں کے ہاتھوں مٹے ، عقل مندو ! عبرت حاصل کرو ‘ ۔ یہاں فرمایا کہ ’ اللہ کا عذاب ان کی عمارت کی بنیاد سے آگیا اور ان پر اوپر سے چھت آ پڑی اور نا دانستہ جگہ سے ان پر عذاب اتر آیا ۔ قیامت کے دن کی رسوائی اور فضیحت ابھی باقی ہے ‘ ۔ «یَوْمَ تُبْلَی السَّرَائِرُ» ۱؎ (86-الطارق:9) ’ اس وقت چھپا ہوا سب کھل جائے گا ، اندر کا سب باہر آ جائے گا ۔ سارا معاملہ طشت ازبام ہو جائے گا ‘ ۔ { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں { ہر غدار کے لیے اس کے پاس ہی جھنڈا گاڑ دیا جائے گا جو اس کے غدر کے مطابق ہوگا اور مشہور کردیا جائے گا کہ فلاں کا یہ غدر ہے جو فلاں کا لڑکا تھا } } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:3186) اسی طرح ان لوگوں کو بھی میدان محشر میں سب کے سامنے رسوا کیا جائے گا ۔ ان سے ان کا پروردگار ڈانٹ ڈپٹ کر دریافت فرمائے گا کہ «مِن دُونِ اللہِ ہَلْ یَنصُرُونَکُمْ أَوْ یَنتَصِرُونَ» ۱؎ (26-الشعراء:93) ’ جن کی حمایت میں تم میرے بندوں سے الجھتے رہتے تھے وہ آج کہاں ہیں ؟ تمہاری مدد کیوں نہیں کرتے ؟ آج بے یار و مددگار کیوں ہو ؟ ‘ یہ چپ ہو جائیں گے ، کیا جواب دیں ؟ لاچار ہو جائیں گے ، کون سی جھوٹی دلیل پیش کریں ؟ اور آیت میں ہے «فَمَا لَہُ مِن قُوَّۃٍ وَلَا نَاصِرٍ» ۱؎ (86-الطارق:10) ’ اُس وقت انسان کے پاس نہ خود اپنا کوئی زور ہو گا اور نہ کوئی اس کی مدد کرنے والا ہوگا ‘ ۔ اس وقت علماء کرام جو دنیا اور آخرت میں اللہ کے اور مخلوق کے پاس عزت رکھتے ہیں جواب دیں گے کہ رسوائی اور عذاب آج کافروں کو گھیرے ہوئے ہیں اور ان کے معبودان باطل ان سے منہ پھیرے ہوئے ہیں ۔