سورة النحل - آیت 22

إِلَٰهُكُمْ إِلَٰهٌ وَاحِدٌ ۚ فَالَّذِينَ لَا يُؤْمِنُونَ بِالْآخِرَةِ قُلُوبُهُم مُّنكِرَةٌ وَهُم مُّسْتَكْبِرُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

تمہارا الٰہ بس ایک ہی ہے پھر جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں لاتے، انکار ان کے دلوں میں رچ بس گیا ہے اور اکڑ [٢٣] بیٹھے ہیں

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

. اللہ ہی معبود برحق ہے ، اس کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں ، وہ واحد ہے ، احد ہے ، فرد ہے ، صمد ہے -کافروں کے دل بھلی بات سے انکار کرتے ہیں وہ اس حق کلمے کو سن کر سخت حیرت زدہ ہو جاتے ہیں ۔ «وَإِذَا ذُکِرَ اللہُ وَحْدَہُ اشْمَأَزَّتْ قُلُوبُ الَّذِینَ لَا یُؤْمِنُونَ بِالْآخِرَۃِ وَإِذَا ذُکِرَ الَّذِینَ مِن دُونِہِ إِذَا ہُمْ یَسْتَبْشِرُونَ» ۱؎ (39-الزمر:45) ’ اللہ واحد کا ذکر سن کر ان کے دل مرجھا جاتے ہیں ۔ ہاں اوروں کا ذکر ہو تو کھل جاتے ہیں ‘ ۔ «إِنَّ الَّذِینَ یَسْتَکْبِرُونَ عَنْ عِبَادَتِی سَیَدْخُلُونَ جَہَنَّمَ دَاخِرِینَ» ۱؎ (40-غافر:60) ’ یہ اللہ کی عبادت سے مغرور ہیں ۔ نہ ان کے دل میں ایمان نہ عبادت کے عادی ۔ ایسے لوگ ذلت کے ساتھ جہنم میں داخل ہوں گے ‘ ۔ یقیناً اللہ تعالیٰ ہر چھپے کھلے کا عالم ہے ہر عمل پر جزا اور سزا دے گا وہ مغرور لوگوں سے بیزار ہے ۔