وَقَالَ فِرْعَوْنُ ائْتُونِي بِكُلِّ سَاحِرٍ عَلِيمٍ
اور فرعون کہنے لگا کہ ہر ماہر جادوگر کو میرے پاس حاضر کرو
موسیٰ علیہ السلام بمقابلہ فرعونی ساحرین سورۃ الاعراف ، سورۃ طہٰ ، سورۃ الشعراء اور اس سورت میں بھی فرعونی جادو گروں اور موسیٰ علیہ السلام کا مقابلہ بیان فرمایا گیا ہے ۔ ہم نے اس پورے واقعہ کی تفصیل سورۃ الاعراف کی تفسیر میں لکھ دی ہے ۔ فرعون نے جادو گروں اور شعبدہ بازوں سے موسیٰ علیہ السلام کے معجزے کا مقابلہ کرنے کی ٹھان لی ۔ اس کے لیے انتظام کئے ۔ قدرت نے بھرے میدان میں اے شکست فاش دی اور خود جادوگر حق کو مان گئے وہ سجدے میں گر کر اللہ اور اس کے دونوں نبیوں پر وہیں ایمان لائے اور اپنے ایمان کا غیر مشتبہ الفاظ میں سب کے سامنے فرعون کی موجودگی میں اعلان کر دیا «فَأُلْقِیَ السَّحَرَۃُ سَاجِدِینَ قَالُوا آمَنَّا بِرَبِّ الْعَالَمِینَ رَبِّ مُوسَیٰ وَہَارُونَ» ۱؎ (26-الشعراء:46-48) [ یہ دیکھتے ہی دیکھتے جادوگر بے اختیار سجدے میں گر گئے اورانہوں نے صاف کہہ دیا کہ ہم تو اللہ رب العالمین پر ایمان ﻻئے یعنی موسیٰ [ علیہ السلام ] اور ہارون کے رب پر ] ۔ اس وقت فرعون کا منہ کالا ہو گیا اور اللہ کے دین کا بول بالا ہوا ۔ اس نے اپنی سپاہ اور جادوگروں کے جمع کرنے کا حکم دیا ۔ یہ آئے ، صفیں باندھ کر کھڑے ہوئے ، فرعون نے ان کی کمر ٹھونکی انعام کے وعدے دیئے ۔ «قَالُوا یَا مُوسَیٰ إِمَّا أَن تُلْقِیَ وَإِمَّا أَن نَّکُونَ أَوَّلَ مَنْ أَلْقَیٰ قَالَ بَلْ أَلْقُوا ۖ فَإِذَا حِبَالُہُمْ وَعِصِیٰہُمْ یُخَیَّلُ إِلَیْہِ مِن سِحْرِہِمْ أَنَّہَا تَسْعَیٰ» ۱؎ (20-طہ:65، 66) ’ انہوں نے موسیٰ [ علیہ السلام ] سے کہا کہ بولو اب ہم پہلے اپنا کرتب دکھائیں یا تم پہل کرتے ہو ؟ ‘ ۔ آپ علیہ السلام نے اسی بات کو بہتر سمجھا کہ ان کے دل کی بھڑاس پہلے نکل جائے ۔ لوگ ان کے تماشے اور باطل کے ہتھکنڈے پہلے دیکھ لیں ۔ پھر حق آئے اور باطل کا صفایا کر جائے ۔ یہ اچھا اثر ڈالے گا ، اس لیے آپ علیہ السلام نے انہیں فرمایا کہ ” تمہیں جو کچھ کرنا ہے شروع کردو “ ۔ «أَلْقَوْا سَحَرُوا أَعْیُنَ النَّاسِ وَاسْتَرْہَبُوہُمْ وَجَاءُوا بِسِحْرٍ عَظِیمٍ» ۱؎ (7-الأعراف:116) ’ انہوں نے لوگوں کی آنکھوں پر جادو کرکے انہیں ہیبت زدہ کرنے کا زبردست مظاہرہ کیا ‘ ۔ جس سے موسیٰ علیہ السلام کے دل میں بھی خطرہ پیدا ہو گیا فوراً اللہ کی طرف سے وحی اتری کہ «فَأَوْجَسَ فِی نَفْسِہِ خِیفَۃً مٰوسَیٰ قُلْنَا لَا تَخَفْ إِنَّکَ أَنتَ الْأَعْلَیٰ وَأَلْقِ مَا فِی یَمِینِکَ تَلْقَفْ مَا صَنَعُوا إِنَّمَا صَنَعُوا کَیْدُ سَاحِرٍ وَلَا یُفْلِحُ السَّاحِرُ حَیْثُ أَتَیٰ» ۱؎ (20-طہ:67،69) ’ خبردار ڈرنا مت ۔ اپنے دائیں ہاتھ کی لکڑی زمین پر ڈال دے ۔ وہ ان کے سو ڈھکوسلے صاف کر دے گی ۔ یہ جادو کے مکر کی صفت ہے ۔ اس میں اصلیت کہاں انہیں اوج و فلاح کیسے نصیب ہو ؟ ‘ اب موسیٰ علیہ السلام سنبھل گئے اور زور دے کر پیشگوئی کی کہ ” تم تو یہ سب جادو کے کھلونے بنا لائے ہو دیکھنا اللہ تعالیٰ انہیں بھی درہم برہم کر دے گا ۔ تم فسادیوں کے اعمال دیر پا ہو ہی نہیں سکتے “ ۔ لیث بن ابی سلیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ ان آیتوں میں اللہ کے حکم سے جادو کی شفاء ہے ۔ ایک برتن میں پانی لے کر اس پر یہ آیتیں پڑھ کر دم کر دیں جائیں اور جس پر جادو کر دیا گیا ہو اس کے سر پر وہ پانی بہا دیا جائے «فَلَمَّا أَلْقَوْا قَالَ مُوسَیٰ مَا جِئْتُم بِہِ السِّحْرُ إِنَّ اللہَ سَیُبْطِلُہُ إِنَّ اللہَ لَا یُصْلِحُ عَمَلَ الْمُفْسِدِینَ وَیُحِقٰ اللہُ الْحَقَّ بِکَلِمَاتِہِ وَلَوْ کَرِہَ الْمُجْرِمُونَ» ۱؎ (10-یونس:81،82) تک یہ آیتیں اور «فَوَقَعَ الْحَقٰ وَبَطَلَ مَا کَانُوا یَعْمَلُونَ فَغُلِبُوا ہُنَالِکَ وَانقَلَبُوا صَاغِرِینَ وَأُلْقِیَ السَّحَرَۃُ سَاجِدِینَ قَالُوا آمَنَّا بِرَبِّ الْعَالَمِینَ رَبِّ مُوسَیٰ وَہَارُونَ قَالَ فِرْعَوْنُ آمَنتُم بِہِ قَبْلَ أَنْ آذَنَ لَکُمْ إِنَّ ہٰذَا لَمَکْرٌ مَّکَرْتُمُوہُ فِی الْمَدِینَۃِ لِتُخْرِجُوا مِنْہَا أَہْلَہَا فَسَوْفَ تَعْلَمُونَ» ۱؎ (7-الأعراف:118-122) سے چار آیتوں تک اور «إِنَّمَا صَنَعُوا کَیْدُ سَاحِرٍ وَلَا یُفْلِحُ السَّاحِرُ حَیْثُ أَتَیٰ» ۱؎ (20-طہ:69) (ابن ابی حاتم)