سورة الانفال - آیت 29

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن تَتَّقُوا اللَّهَ يَجْعَل لَّكُمْ فُرْقَانًا وَيُكَفِّرْ عَنكُمْ سَيِّئَاتِكُمْ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ۗ وَاللَّهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيمِ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اے ایمان والو! اگر تم اللہ سے ڈرتے رہے تو اللہ تمہیں قوت [٣٠] تمیز عطا کرے گا، تم سے تمہاری برائیاں دور کردے گا اور تمہیں بخش دے گا اور اللہ بڑا ہی فضل کرنے والا ہے

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

دنیا و آخرت کی سعادت مندی ’ اے مومنو! اگر تم اللہ تعالیٰ سے ڈرو تو اللہ تم کو دین اور دنیا میں نجات دے گا ۔‘ «فُرۡقَانً» سے مراد نجات ہے دنیوی بھی اور اخروی بھی اور فتح و نصرت غلبہ و امتیاز بھی مراد ہے جس سے حق و باطل میں تمیز ہو جائے ۔ بات یہی ہے کہ جو اللہ کی فرمانبرداری کرے ، نافرمانی سے بچے اللہ اس کی مدد کرتا ہے ۔ جو حق و باطل میں تمیز کر لیتا ہے ، دنیاو آخرت کی سعادت مندی حاصل کر لیتا ہے اس کے گناہ مٹ جاتے ہیں لوگوں سے پوشیدہ کروئے جات یہیں اور اللہ کی طرف سے اجر و ثواب کا وہ کامل مستحق ٹھہر جاتا ہے ۔ جیسے فرمان عالی شان ہے« یَا أَیٰہَا الَّذِینَ آمَنُوا اتَّقُوا اللہَ وَآمِنُوا بِرَسُولِہِ یُؤْتِکُمْ کِفْلَیْنِ مِن رَّحْمَتِہِ وَیَجْعَل لَّکُمْ نُورًا تَمْشُونَ بِہِ وَیَغْفِرْ لَکُمْ ۚ وَ اللہُ غَفُورٌ رَّحِیمٌ» ۱؎ ( 57-الحدید : 28 ) یعنی ’ اے مسلمانو ! اللہ کا ڈر دلوں میں رکھو ۔ اس کے رسول پر ایمان لاؤ وہ تمہیں اپنی رحمت کے دوہرے حصے دے گا اور تمہارے لیے ایک نور مہیا کر دے گا جس کے ساتھ تم چلتے پھرتے رہو گے اور تمہیں بخش بھی دے گا ، اللہ غفورو رحیم ہے ۔‘