لَّا جُنَاحَ عَلَيْهِنَّ فِي آبَائِهِنَّ وَلَا أَبْنَائِهِنَّ وَلَا إِخْوَانِهِنَّ وَلَا أَبْنَاءِ إِخْوَانِهِنَّ وَلَا أَبْنَاءِ أَخَوَاتِهِنَّ وَلَا نِسَائِهِنَّ وَلَا مَا مَلَكَتْ أَيْمَانُهُنَّ ۗ وَاتَّقِينَ اللَّهَ ۚ إِنَّ اللَّهَ كَانَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ شَهِيدًا
ان (ازواج نبی) پر کچھ گناہ نہیں اگر ان کے باپ، ان کے بیٹے، ان کے بھائی ' ان کے بھتیجے، ان کے بھانجے، ان کی میل جول کی عورتیں [٩٤] اور ان کے لونڈی غلام، ان کے گھروں میں داخل ہوں۔ اور (اے عورتو!) اللہ سے ڈرتی رہو۔ اللہ تعالیٰ یقینا ہر چیز [٩٥] پر حاضر و ناظر ہے۔
فہم القرآن: ربط کلام : اس سے پہلی آیت میں پردے کا ذکر ہوا۔ اب ان رشتوں کا ذکر کیا جاتا ہے جن سے پردہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ پہلی آیت میں ازواج مطہرات کے حوالے سے صحابہ کرام (رض) کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ پردے میں رہ کر ان سے سوال کیا کریں۔ بظاہر یہ حکم امہات المومنین کے متعلق دکھائی دیتا ہے لیکن حقیقت میں امت کی ماؤں کو مخاطب کر کے پو ری امت کی عورتوں کو پردے کا حکم دیا گیا ہے۔ جس میں یہ وضاحت موجود نہ تھی کہ کون سے مردوں سے پردہ نہیں کرنا چاہیے۔ اب ان رشتوں کی وضاحت کی جاتی ہے جن سے پردہ نہیں کرنا۔ اگر خاوند، باپ اور بھائی کے علاوہ ہر کسی سے پردہ کرنا عورت کے لیے واجب ہوتا تو اس سے عورت ایک طرح کی قیدی بن کر رہ جاتی۔ اسلام نے جائز حد تک عورت کو آزادی عنایت فرمائی ہے۔ اس لیے یہ حکم نازل ہوا کہ عورتوں پر اپنے باپوں اپنے بیٹوں، اپنے بھائیوں، اپنے بھتیجوں، اپنے بھانجوں، اپنی عورتوں اور غلاموں سے کوئی پردہ نہیں۔ عورتوں کو ہر حال میں اللہ سے ڈرنا چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر نگران ہے۔ ﴿وَلَانِسَآئِہِنَّ﴾کے بارے میں اہل علم کے تین مؤقف ہیں۔1 ۔عورت کو عورت سے پردہ کرنے کی ضرورت نہیں۔2 ۔مسلمان عورت کو غیر رشتہ دار عورتوں سے پردہ کرنا چاہیے۔3 ۔مسلمان عورتوں کو ان عورتوں سے بھی پردہ کرنا چاہیے جو معاشرے میں بے حیائی پھیلاتی ہیں تاکہ ان کے ساتھ نفرت کا اظہار کرنے کے ساتھ ان کے شر سے بچا جا سکے۔ (کَتَبَ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ (رض) إِلَی أَبِی عُبَیْدَۃَ بْنِ الْجَرَّاحِ أَمَّا بَعْدُ فَإِنَّہُ بَلَغَنِی أَنَّ نِسَاءًامِنْ نِسَاءِ الْمُسْلِمِینَ یَدْخُلْنَ الْحَمَّامَاتِ وَمَعَہُنَّ نِسَاءُ أَہْلِ الْکِتَابِ فَامْنَعْ ذَلِکَ۔۔)[ رواہ البیھقی : باب مَا جَاءَ فِی إِبْدَاءِ الْمُسْلِمَۃِ زینَتَہَا لِنِسَائِہَا دُونَ الْکَافِرَاتِ قَال اللَّہُ جَلَّ ثَنَاؤُہُ ﴿أَوْ نِسَائِہِنَّ﴾] ” حضرت عمر بن خطاب (رض) نے ابو عبیدہ بن جراح (رض) کو ایک خط میں یہ بات لکھی کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ مسلمان عورتیں اہل کتاب کی عورتوں کے ساتھ حمام میں اکٹھی غسل کرتی ہیں لہٰذا میں اس سے منع کرتا ہوں۔“ پردہ کی اہمیت : (عَنْ عَبْدِ اللَّہِ عَنِ النَّبِی (ﷺ) قَالَ الْمَرْأَۃُ عَوْرَۃٌ فَإِذَا خَرَجَتِ اسْتَشْرَفَہَا الشَّیْطَانُ)[ رواہ الترمذی : باب مَا جَاءَ فِی کَرَاہِیَۃِ الدُّخُولِ عَلَی الْمُغِیبَاتِ] ” جناب عبداللہ بن مسعود (رض) کہتے ہیں رسول اکرم (ﷺ) نے فرمایا جب کوئی عورت بے پردہ باہر نکلتی ہے تو شیطان صفت لوگ اس کو اپنی نظروں کا نشانہ بناتے ہیں۔“ ” حضرت ابوہریرہ (رض) ہی بیان کرتے ہیں کہ رسول معظم (ﷺ) نے فرمایا‘ دوگروہ ایسے ہیں جنہیں میں نے ابھی تک نہیں دیکھا ہے (1) ایک گروہ وہ جن کے ہاتھوں میں بیل کی دموں کی مانند کوڑے ہوں گے اور وہ ان کوڑوں کے ساتھ بلاجواز لوگوں کو ماریں گے۔ (2) اور دوسراگروہ ان عورتوں کا ہے جنہوں نے بظاہر لباس پہنا ہوا ہوگا۔ لیکن حقیقت میں ان کے بدن ننگے ہوں گے۔ وہ لوگوں کو اپنی طرف مائل کرنے والی اور مٹک مٹک کر چلنے والی ہوں گی۔ ان کے سر لمبی گردنوں والے اونٹوں کی کوہانوں کی طرح اٹھے ہوئے ہوں گے وہ جنت میں داخل نہ ہوں گی۔ بلکہ جنت کی خوشبو کو بھی نہ پاسکیں گی۔ جبکہ جنت کی خوشبو اتنے اور اتنے فاصلے سے محسوس کی جائے گی۔“ [ رواہ مسلم : باب النَّارُ یَدْخُلُہَا الْجَبَّارُونَ وَالْجَنَّۃُ یَدْخُلُہَا الضُّعَفَاءُ ] مسائل: 1۔ باپ، بیٹے، بھائی، بھتیجے، اور بھانجے سے پردہ نہیں۔ 2۔ جس طرح نسبی رشتوں سے پردہ کرنے کی ضرورت نہیں اسی طرح رضاعی رشتوں سے بھی پردہ نہ کرنے کی اجازت ہے۔ جیسا کہ نبی اکرم (ﷺ) کا فرمان ہے :” یَحْرُمُ مِنَ الرَّضَاعَۃِ مَایَحْرُمُ مِنَ النَّسَبِ“ (رواہ البخاری : باب مَا یَحِلُّ مِنَ الدُّخُولِ وَالنَّظَرِ۔۔)” رضاعت سے وہ رشتے حرام ہوجاتے ہیں جو نسب کے لحاظ سے حرام ہیں۔