إِنْ هَٰذَا إِلَّا قَوْلُ الْبَشَرِ
یہ بس انسان ہی کا قول ہے
ف 2 یعنی ہرگز خدائی کلام نہیں ہوسکتا جیسا کہ محمد (ﷺ) کا دعویٰ ہے ۔حضرت عکرمہ(رض) کا بیان ہے کہ ولید آنحضرت (ﷺ)کی خدمت میں حاضر ہوا آپ (ﷺ)نے اسے قرآن کا کچھ حصہ پڑھ کر سنایاتو اس کا دل قدرے نرم پڑگیا۔ ابوجہل کو پتہ چلاتو وہ اس کے پاس گیا اور کہنے لگا چچا ! قریش کے لوگ چاہتے ہیں کہ آپ کے لئے مال جمع کریں۔ پوچھا ” کیوں؟“ جواب دیا ” اسلئے کہ آپ محمد (ﷺ)کے پاس جا کر اس کا کلام سن کر آئے ہیں۔“ ولید بولا ” قریش کے لوگوں سے یہ بات پوشیدہ نہیں ہے کہ مجھے مال کی ضرورت نہیں ہے اس لئے کہ میں ان سب سے زیادہ مالدار ہوں۔“ تو ابوجہل نے کہا کہ کوئی ایسی بات کہو جس سے لوگوں کو پتا چل جائے کہ تو محمد (ﷺ) کے کلام کو ناپسند کرتا ہے۔ لوگوں نے ولید کو مختلف مشورے دیئے مگر بالآخر اس نے سوچ کر جو بات کہی تو یہ کہ ’’یہ قرآن جادو ہے جو چلا آتا ہے اور یہ آدمی کا کلام ہے۔“ اسی بارے میں یہ آیات نازل ہوئیں۔ (ابن کثیر)