سورة يس - آیت 9
وَجَعَلْنَا مِن بَيْنِ أَيْدِيهِمْ سَدًّا وَمِنْ خَلْفِهِمْ سَدًّا فَأَغْشَيْنَاهُمْ فَهُمْ لَا يُبْصِرُونَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
نیز ہم نے ایک دیوار تو ان کے سامنے کھڑی کردی ہے اور ایک ان کے پیچھے۔ (اس طرح) ہم نے ان پر پردہ [٩] ڈال رکھا ہے کہ وہ کچھ دیکھ نہیں سکتے
تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح
ف ١٢ یعنی جب وہ اپنی ضد اور ہٹ دھرمی میں دن بدن پختہ ہی ہوتے چلے گئے تو اس کا نتیجہ یہ نکالا ہم نے انہیں یہ سزا دی کہ انکے آگے پیچھے ایسے اسباب۔ نسلی تعصبات، باپ دادا کی اندھی تقلید اور قومی رسوم و عادات کی بے جا پابندی وغیرہ۔ پیدا کردیئے جو انکے لانے کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور انکی آنکھوں پر غلط فہمیوں کی پٹی باندھ دی جسکی وجہ سے انہیں حق بات سوجھ ہی نہیں سکتی۔ اب انکے سامنے کوئی کھلی سے کھلی دلیل بھی آجائے تو وہ اسکی طرف توجہ نہیں دے سکتے۔