سورة السجدة - آیت 21

وَلَنُذِيقَنَّهُم مِّنَ الْعَذَابِ الْأَدْنَىٰ دُونَ الْعَذَابِ الْأَكْبَرِ لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

ہم انھیں (قیامت کے) بڑے عذاب سے پہلے ہلکے عذاب کا مزا بھی ضرور چکھائیں گے شاید وہ (اپنی روش سے) باز آجائیں

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 1” اور توبہ کریں “۔ چھوٹے عذاب سے مراد دنیا کا عذاب ( قتل و غارت)، قید و بند، قحط اور دوسرے مصائب و آلام بھی ہوسکتا ہے اور وہ عذاب بھی جو کافروں اور نافرمانوں کو قبر ( یعنی بزرخی زندگی) میں دیا جائے۔ مگر یہ آخری جملہ عذاب قبر مراد لینے کی تضعیف کر رہا ہے (شوکانی) ہاں قبر کے عذاب کا ثبوت بعض دوسری آیتوں سے ملتا ہے۔ دیکھئے سورۃ غافر آیت 46، سورۃ انعام آیت 93، 94۔ اور صحیح احادیث میں تو اسے پوری صراحت و تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔