سورة آل عمران - آیت 33
إِنَّ اللَّهَ اصْطَفَىٰ آدَمَ وَنُوحًا وَآلَ إِبْرَاهِيمَ وَآلَ عِمْرَانَ عَلَى الْعَالَمِينَ
ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی
اللہ تعالیٰ نے آدم کو، نوح کو، آل ابراہیم اور آل عمران کو تمام اہل عالم میں [٣٥] سے (رسالت کے لیے) منتخب کیا تھا
تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح
ف 4 اوپر کی آیات میں آنحضرت (ﷺ )کی اتباع کا حکم دیا ہے اور اب اس آیت میں آپ کی رسالت کے اثبات کے سلسلہ میں فرما رہا ہے کہ آنحضرت( ﷺ) کا تعلق بھی اس خاندان نبوت سے ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے چن لیا ہے۔ (شوکانی) عمران نام کی دو شخصیتیں گزری ہیں ایک موسیٰ ( علیہ السلام) و ہارون ( علیہ السلام) کے والد اور دسرے حضرت مریم (رض) کے والد اکثر مفسرین (رح) نے یہاں عمران ثانی مراد لیا ہے کیونکہ انہی کی آل۔ حضرت مریم ( علیھا السلام) وعیسی ( علیہ السلام)۔ کا قصہ بیان کیا جار ہا ہے۔ (ابن کثیر۔ کبیر) غالبا اس سورۃ کا نام آل عمران اسی قصہ پر رکھا گیا ہے۔