سورة الفرقان - آیت 38

وَعَادًا وَثَمُودَ وَأَصْحَابَ الرَّسِّ وَقُرُونًا بَيْنَ ذَٰلِكَ كَثِيرًا

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور (اسی طرح) قوم عاد، قوم ثمود، کنوئیں والے [٥٠] اور درمیانی پشتوں میں سے بہت سے لوگ (تباہ کردیئے گئے(۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف9۔ ” أَصْحَابَ الرَّسِّ “ (کنویں والوں) سے مراد کون لوگ ہیں؟ اس بارے میں مفسرین کے متعدد اقوال ہیں۔ بعض کہتے ہیں کہ انطاکیہ کے لوگ مراد ہیں وہاں ایک کنواں تھا اس پر ان کے پیغمبر ” حبیب نجار“ انہیں وعظ و نصیحت فرمایا کرتے تھے۔ ان لوگوں نے انہیں قتل کر کے اس کنویں میں ڈال دیا۔ بعض نے آذربائیجان کے لوگ مراد لئے ہیں جنہوں نے اپنے پیغمبروں کو مار ڈالا۔ علامہ طبری نے لکھا ہے کہ ” اصحاب الرس“ ” اصحاب اخدود“ ہی ہیں۔ جن کا ذکر سورۃ بروج میں ہوا ہے۔ (ابن کثیر، شوکانی)