سورة البروج - آیت 1

وَالسَّمَاءِ ذَاتِ الْبُرُوجِ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

قسم ہے برجوں والے آسمان کی (١)۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وَ السَّمَآءِ ذَاتِ الْبُرُوْجِ:’’ الْبُرُوْجِ ‘‘ ’’بُرْجٌ ‘‘ کی جمع ہے، اس کا اصل معنی ہے ’’نمایاں اور ظاہر ہونے والی چیز۔‘‘ ’’ تَبَرَّجَ ‘‘ کا معنی بے پردہ ہونا، ظاہر ہونا ہے۔ اس لیے بلند محل کو بُرج کہتے ہیں، شہر کی فصیل کے بلند حصوں کو بھی برج کہتے ہیں اور آسمان پر ستاروں کے اجتماع سے جو صورتیں نظر آتی ہیں انھیں بروج کہتے ہیں۔ وہ آسمانی ٹھکانے بھی بروج کہلاتے ہیں جن میں شیطانوں سے آسمان کی حفاظت کے لیے فرشتے پہرا دیتے ہیں۔ سورج اور چاند کی منزلوں کو بھی بروج کہا جاتا ہے۔