سورة عبس - آیت 23
كَلَّا لَمَّا يَقْضِ مَا أَمَرَهُ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
ہرگز نہیں اس نے وہ فرض ادا نہیں کیا جس کا اسے حکم دیا تھا
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
كَلَّا لَمَّا يَقْضِ مَا اَمَرَهٗ : ’’ كَلَّا ‘‘ ہر گز نہیں۔ ابن جریر رحمہ اللہ نے فرمایا کہ یہ کافر انسان جو سمجھتا ہے کہ اس کے مال و جان پر اللہ کا جو حق تھا وہ اس نے ادا کر دیا ہے، یہ ہر گز درست نہیں، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ کسی انسان نے بھی ابھی تک وہ فرائض ہی پورے ادا نہیں کیے جن کا اللہ تعالیٰ نے اسے حکم دیا تھا، حق کا ادا کرنا تو بہت دور ہے۔ ’’ لَمْ يَقْضِ ‘‘ پورا نہیں کیا۔’’ لَمَّا يَقْضِ ‘‘ ابھی تک پورا نہیں کیا۔ مجاہد رحمہ اللہ نے فرمایا: ’’ لَا يَقْضِيْ أَحَدٌ مَا أُمِرَ بِهٖ ‘‘ [بخاري، التفسیر، باب سورۃ عبس، بعد ح : ۴۹۳۶ ] ’’کوئی بھی شخص وہ کام پورا نہیں کرتا جس کا اسے حکم دیا گیا ہے ( کمی رہ ہی جاتی ہے)۔‘‘