سورة غافر - آیت 36

وَقَالَ فِرْعَوْنُ يَا هَامَانُ ابْنِ لِي صَرْحًا لَّعَلِّي أَبْلُغُ الْأَسْبَابَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور فرعون نے کہا، اے ہامان ! میرے لیے ایک بلند عمارت بنا تاکہ میں ان راستوں پر پہنچ سکوں

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وَ قَالَ فِرْعَوْنُ يٰهَامٰنُ ابْنِ لِيْ صَرْحًا....: ’’ صَرْحًا ‘‘ بلند و بالا عمارت جو دور سے صاف نظر آئے۔ ’’صراحت‘‘ کسی بات کے خوب ظاہر اور واضح ہونے کو کہتے ہیں۔ ’’ الْاَسْبَابَ ‘‘ ’’سَبَبٌ‘‘ کی جمع ہے، کسی چیز تک پہنچنے کا ذریعہ، مراد راستے اور دروازے ہیں۔ فرعون نے جب دیکھا کہ اس کے پاس اس مرد مومن کی کسی بات کا جواب نہیں تو اس نے اس کی نصیحت کا اثر ختم کرنے اور مذاق اڑانے کے لیے اپنے وزیر ہامان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے ایک بلند و بالا عمارت بناؤ، تاکہ میں راستوں تک پہنچ جاؤں۔