يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ حَقَّ تُقَاتِهِ وَلَا تَمُوتُنَّ إِلَّا وَأَنتُم مُّسْلِمُونَ
اے ایمان والو ! دل میں اللہ کا ویسا ہی خوف رکھو جیسا خوف رکھنا اس کا حق ہے، اور خبردار ! تمہیں کسی اور حالت میں موت نہ آئے، بلکہ اسی حالت میں آئے کہ تم مسلمان ہو۔
1۔ اتَّقُوا اللّٰہَ حَقَّ تُقَاتِهٖ....: عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے اس آیت کی تفسیر یوں مروی ہے:’’اس کی اطاعت کی جائے نافرمانی نہ کی جائے، اسے یاد رکھا جائے بھلایا نہ جائے، اس کا شکر ادا کیا جائے ناشکری نہ کی جائے۔‘‘ [ ابن أبی حاتم:112؍3۔ مستدرک حاکم:323؍2، ح:۳۱۵۹ ] ابن کثیر رحمہ اللہ نے اس قول کی سند کو صحیح قرار دیا ہے، مراد حسبِ استطاعت ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:﴿فَاتَّقُوا اللّٰهَ مَا اسْتَطَعْتُمْ ﴾ [ التغابن:۱۶ ] ’’ سو اللہ سے ڈرو جتنی طاقت رکھو۔‘‘ 2۔ وَ لَا تَمُوْتُنَّ اِلَّا وَ اَنْتُمْ مُّسْلِمُوْنَ:چونکہ موت کا علم ہی نہیں کب آ جائے، اس لیے موت آنے تک ہر وقت اللہ تعالیٰ سے اسی طرح ڈرتے رہو۔