سورة المؤمنون - آیت 106

قَالُوا رَبَّنَا غَلَبَتْ عَلَيْنَا شِقْوَتُنَا وَكُنَّا قَوْمًا ضَالِّينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

وہ کہیں گے اے ہمارے پروردگار ! دراصل ہماری بدبختی ہم پر چھا گئی تھی۔ ہمارا گروہ گمراہوں کا گروہ تھا۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

قَالُوْا رَبَّنَا غَلَبَتْ عَلَيْنَا شِقْوَتُنَا: ’’شِقْوَةٌ‘‘ بدبختی۔ ’’الصحيح المسبور‘‘ میں ہے کہ آدم بن ابی ایاس نے صحیح سند کے ساتھ مجاہد کا قول نقل فرمایا ہے کہ آیت : ﴿غَلَبَتْ عَلَيْنَا شِقْوَتُنَا ﴾ کا معنی ہے : ’’اَلَّتِيْ كَتَبْتَ عَلَيْنَا‘‘ یعنی ہم پر ہماری وہ بدبختی غالب آ گئی جو تو نے ہم پر لکھی تھی۔ طبری نے بھی یہ قول نقل فرمایا ہے۔ معلوم ہوا کہ ظالم اپنا عذر پیش کرتے ہوئے بھی سارا الزام اللہ تعالیٰ پر رکھیں گے، جیسا کہ شیطان نے بھی اپنی گمراہی کا الزام اللہ تعالیٰ کو دیا تھا۔ دیکھیے سورۂ اعراف (۱۶)۔ وَ كُنَّا قَوْمًا ضَآلِّيْنَ: ابن کثیر نے فرمایا : ’’یعنی ہم پر حجت قائم ہوئی (اور ہم تک ہدایت کی بات پہنچی) لیکن ہم اس سے کہیں زیادہ بدبخت تھے کہ اس کے تابع ہوتے اور اس کی پیروی کرتے، سو ہم اس سے بھٹک گئے اور ہمیں ہدایت حاصل نہ ہو سکی۔‘‘