سورة النحل - آیت 121

شَاكِرًا لِّأَنْعُمِهِ ۚ اجْتَبَاهُ وَهَدَاهُ إِلَىٰ صِرَاطٍ مُّسْتَقِيمٍ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

وہ اللہ کی نعمتوں کا شکر بجا لانے والا تھا، اللہ نے اسے برگزیدگی کے لیے چن لیا اور (سچائی کے) سیدھے راستے پر لگا دیا۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

شَاكِرًا لِّاَنْعُمِهٖ : شکر نعمت زبان سے بھی ہوتا ہے اور عمل سے بھی۔ اللہ تعالیٰ نے شہادت دی ہے کہ ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کے شکر نعمت، اس کے احکام کی اطاعت، اس کے امتحانات میں کامیابی اور اس کے حقوق کی ادائیگی سب کو پورا کر دیا، چنانچہ فرمایا : ﴿ وَ اِبْرٰهِيْمَ الَّذِيْ وَفّٰى﴾ [ النجم : ۳۷ ] ’’اور ابراہیم جس نے پورا حق ادا کر دیا۔‘‘ اور دیکھیے سورۂ بقرہ (۱۲۴)۔