سورة البقرة - آیت 179

وَلَكُمْ فِي الْقِصَاصِ حَيَاةٌ يَا أُولِي الْأَلْبَابِ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور ارباب دانش ! قصاص کے حکم میں (اگرچہ بظاہر ایک جان کی ہلاکت کے بعد دوسری جان کی ہلاکت گوارا کرلی گئی ہے، لیکن فی الحقیقت یہ ہلاکت نہیں ہے) تمہارے لیے زندگی ہے اور یہ سب کچھ اس لیے تاکہ تم برائیوں سے بچو

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

’’قصاص میں زندگی‘‘ کے معنی یہ ہیں کہ اس سزا کے خوف سے لوگ قتل کرنے سے رک جائیں گے اور کوئی شخص دوسرے کے قتل پر جرأت نہیں کرے گا۔ پس ”تَتَّقُوْنَ“ کے معنی یہ ہیں ’’تاکہ تم دوسرے کو قتل کرنے سے بچ جاؤ ‘‘ مگر اس کے معنی عام لینا بہتر ہے ’’تاکہ تم گناہ سے کنارہ کرکے آخرت میں اللہ تعالیٰ کے عذاب سے بچ جاؤ۔‘‘ علماء نے لکھا ہے کہ یہ آیت اختصار اور جامعیت میں بے نظیر ہے۔ سعودی عرب میں بے مثال امن اسی آیت پر عمل کی برکت سے ہے۔