سورة الاعراف - آیت 87
وَإِن كَانَ طَائِفَةٌ مِّنكُمْ آمَنُوا بِالَّذِي أُرْسِلْتُ بِهِ وَطَائِفَةٌ لَّمْ يُؤْمِنُوا فَاصْبِرُوا حَتَّىٰ يَحْكُمَ اللَّهُ بَيْنَنَا ۚ وَهُوَ خَيْرُ الْحَاكِمِينَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
اور اگر ایسا ہوا ہے کہ تم میں سے ایک گروہ اس تعلیم پر ایمان لے آیا ہے جس کی تبلیغ کے لیے میں بھیجا گیا ہوں اور دوسرا گروہ ہے جسے اس پر یقین نہیں تو (صرف اتنی ہی بات دیکھ کر فیصلہ نہ کرلو) صبر کرو۔ یہاں تک کہ اللہ ہمارے درمیان فیصلہ کردے اور وہ بہتر فیصلہ کرنے والا ہے۔
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
فَاصْبِرُوْا حَتّٰى يَحْكُمَ اللّٰهُ: یہ انھیں کفر پر صبر کا حکم نہیں بلکہ انھیں اﷲ کے عذاب سے ڈرایا ہے، جیسا کہ دوسرے مقام پر فرمایا : ﴿فَتَرَبَّصُوْۤا اِنَّا مَعَكُمْ مُّتَرَبِّصُوْنَ۠﴾ [ التوبۃ : ۵۲ ] ’’سو انتظار کرو، بے شک ہم ( بھی) تمھارے ساتھ انتظار کرنے والے ہیں۔‘‘