سورة الاعراف - آیت 83
فَأَنجَيْنَاهُ وَأَهْلَهُ إِلَّا امْرَأَتَهُ كَانَتْ مِنَ الْغَابِرِينَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
پس ایسا ہوا کہ لوط کو اور اس کے گھر والوں کو تو ہم نے بچا لیا مگر اس کی بیوی نہ بچی کہ وہ بھی پیچھے رہ جانے والوں میں تھی۔
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
1۔ فَاَنْجَيْنٰهُ وَ اَهْلَه: یعنی ہم نے لوط علیہ السلام اور اس کے گھر والوں کو عذاب سے بچا لیا، کیونکہ اس بستی میں یہی ایک گھر مسلم تھا۔ دیکھیے سورۂ ذاریات (۳۶)۔ 2۔ اِلَّا امْرَاَتَهٗ كَانَتْ مِنَ الْغٰبِرِيْنَ: اﷲ تعالیٰ نے لوط علیہ السلام کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ ہم نے تمھاری بیوی کی خیانت و کفر کی وجہ سے اس کا پیچھے رہنا طے کر دیا ہے۔ دیکھیے سورۂ نمل(۵۷) اور سورۂ تحریم (۱۰) چنانچہ وہ ان لوگوں میں رہ گئی جو لوط علیہ السلام کے ساتھ نہیں نکلے، بلکہ اپنے علاقے ہی میں رہے، ان پر عذاب نازل ہوا تو وہ بھی ان کے ساتھ تباہ ہو گئی۔