سورة الاعراف - آیت 35
يَا بَنِي آدَمَ إِمَّا يَأْتِيَنَّكُمْ رُسُلٌ مِّنكُمْ يَقُصُّونَ عَلَيْكُمْ آيَاتِي ۙ فَمَنِ اتَّقَىٰ وَأَصْلَحَ فَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
(اور فرمان الہی ہوا) اے اولاد آدم ! جب کبھی ایسا ہو کہ میرے پیغمبر تم میں پیدا ہوں اور میری آیتیں تمہیں پڑھ کر سنائیں تو جو کوئی (ان کی تعلیم سے متنبہ ہوکر) برائیوں سے بچے گا اور اپنے آپ کو سنوار لے گا اس کے لیے کسی طرح کا اندیشہ نہ ہوگا نہ کسی طرح کی غمگینی۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(25) اللہ تعالیٰ نے ابتدائے آفر ینش سے بنی آدم کو خبر دی ہے کہ وہ اپنے انبیاء ورسل کو ان کے پاس بھیجا کرے گا، جو اس کی آیتیں انہیں سنا یا کریں گے، تو جو کوئی تقوی اور اصلاح کی راہ اختیار کرے گا قیامت کے دن اسے کوئی خوف وغم لاحق نہیں ہوگا، اور جو کوئی اس کی آیتوں کو جھٹلائے گا، اور کبر وعناد سے کام لے گا اس کا ٹھکانہ جہنم ہوگا۔