سورة الانعام - آیت 156

أَن تَقُولُوا إِنَّمَا أُنزِلَ الْكِتَابُ عَلَىٰ طَائِفَتَيْنِ مِن قَبْلِنَا وَإِن كُنَّا عَن دِرَاسَتِهِمْ لَغَافِلِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(یہ کتاب ہم نے اس لیے نازل کی کہ) کبھی تم یہ کہنے لگو کہ کتاب تو ہم سے پہلے دو گروہوں (یہود و نصاری) پر نازل کی گئی تھی، اور جو کچھ وہ پڑھتے پڑھاتے تھے، ہم تو اس سے بالکل بے خبر تھے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(156) اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) پر قرآن نازل فرمایا، اور لوگوں تک اسے پہنچا دینے کا حکم دیا تاکہ کفار عرب قیامت کے دن یہ نا کہیں کہ اللہ کی کتاب تو یہود ونصاری پر نازل ہوئی تھی، ہم تو جانتے بھی نہ تھے کہ ان دونوں کتابوں میں کیا ہے، کیونکہ وہ ان کی زبانوں میں تھیں یا یہ نہ کہیں کہ اگر ہم پر بھی اللہ کتاب نازل ہوئی ہوتی تو ہم ان یہود ونصاری سے زیادہ ہدایت یافتہ ہوتے۔ اللہ تعالی نے فرمایا کہ اب تمہارا عذر ختم ہوگیااور اس کا رسول اسکی کتاب لے کر آگیا جو اللہ کی کھلی نشانی ، ہدایت کا سرچشمہ اور سراپا رحمت ہے۔