سورة الانعام - آیت 146

وَعَلَى الَّذِينَ هَادُوا حَرَّمْنَا كُلَّ ذِي ظُفُرٍ ۖ وَمِنَ الْبَقَرِ وَالْغَنَمِ حَرَّمْنَا عَلَيْهِمْ شُحُومَهُمَا إِلَّا مَا حَمَلَتْ ظُهُورُهُمَا أَوِ الْحَوَايَا أَوْ مَا اخْتَلَطَ بِعَظْمٍ ۚ ذَٰلِكَ جَزَيْنَاهُم بِبَغْيِهِمْ ۖ وَإِنَّا لَصَادِقُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور یہودیوں پر ہم نے ہر ناخن والے جانور کو حرام کردیا تھا، اور گائے اور بکری کے اجزاء میں سے ان کی چربیاں ہم نے حرام کی تھیں، البتہ جو چربی ان کی پشت پر یا آنتوں پر لگی ہو، یا جو کسی ہڈی سے ملی ہوئی ہو وہ مستثنی تھی۔ یہ ہم نے ان کو ان کی سرکشی کی سزا دی تھی۔ اور پورا یقین رکھو کہ ہم سچے ہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(146) مسلمانوں کے لیے جو چیزیں حرام کی گئی ہیں ان کا بیان ہوجا نے کے بعد اب ان چیزوں کو بیان کیا جا رہا ہے جو صرف یہود پر حرام `کی گئی تھیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہم نے یہود پر ہر ناخن والے جانور کو حرام کردیا تھا۔ ناخن والے سے مراد ہر وہ جانور ہے جس کی انگلیاں پھٹی ہوئی نہ ہوں۔ اس تعریف کے مطابق اس میں ہر وہ جانور داخل ہوجائے گا جو کھر پنجے والا ہوگا، اس لیے اونٹ، گائے، بکری، شتر مرغ، بطخ، اور ہر چڑیا داخل ہوگی جس کے پنجے ہوں گے ان تمام جانوروں کا گوشت یہود پر حرام تھا، ان کے لیے جانوروں کا گوشت حلال تھا، جن کی انگلیاں پھٹی ہوئی تھیں جیسے مرغی اور گوریا وغیرہ۔ اور İوَمِنَ الْبَقَرِ وَالْغَنَمِĬ سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے لیے گائے اور بکری کا گوشت بطور خاص حلال کردیا گیا تھا۔ صرف ان کی چربی حرام کردی گئی تھی، سوائے اس چربی کے جو ان کی پیٹھ سے لگی ہو، یا جو ان کی آنتوں سے چپکی ہوئی ہو، یا جو ہڈی کے ساتھ ملی ہوئی ہو، جیسے وہ چربی جو دم پاؤں، پسلی، سر اور آنکھ کے ساتھ چپکی ہوتی ہے او یہ سب کچھ ان کی سر کشی اور اللہ کے احکام کی نافرمانی کی وجہ سے ہوا تھا، اور اللہ کا ان کے ساتھ یہ بر تاؤ بڑا ہی عادلانہ تھا۔ ابن جریر نے اس کی تفسیر یوں لکھی ہے کہ اے محمد (ﷺ) ہم نے جو آپ کو یہ خبر دی ہے کہ مذکورہ چیزوں کو ان پر ہم نے حرام کیا تھا یہی صحیح ہے، ان کا یہ گمان باطل ہے کہ خود یعقوب نے اپنے اوپر انہیں حرام کرلیا تھا، اور یہ لوگ ان کی اتباع میں انہیں نہیں کھاتے، بخاری و مسلم نے ابو ہریرہ (رض) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا : کہ اللہ کی مار ہو یہود پر جب چربی ان کے لیے حرام کردی گئی، تو اسے پگھلاکر بیج دیا اور اس کی قیمت کھا گئے۔