سورة الانعام - آیت 83

وَتِلْكَ حُجَّتُنَا آتَيْنَاهَا إِبْرَاهِيمَ عَلَىٰ قَوْمِهِ ۚ نَرْفَعُ دَرَجَاتٍ مَّن نَّشَاءُ ۗ إِنَّ رَبَّكَ حَكِيمٌ عَلِيمٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

یہ ہماری وہ کامیاب دلیل تھی جو ہم نے ابراہیم کو ان کی قوم کے مقابلے میں عطا کی تھی۔ ہم جس کے چاہتے ہیں درجے بلند کردیتے ہیں۔ بیشک تمہارے رب کی حکمت بھی بڑی ہے، علم بھی کامل ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(79) اس آیت کریمہ میں "حجت " سے مراد وہ دلائل ہیں جو آیت (74) İأَتَتَّخِذُ أَصْنَامًا آلِهَةًĬسے یہاں تک بیان کیے گئے ہیں۔ جن کی تردید نہیں کی جاسکتی، اور جن کی اللہ تعالیٰ نے اپنے خلیل ابراہیم (علیہ السلام) کو بغیر کسی معلم کے واسطہ کے رہنمائی کی تھی، تاکہ وہ تنہا پوری قوم پر غالب آجائیں، اللہ تعالیٰ جس پر چاہتا ہے خزانہ علم وحکمت کے دروازے کھول دیتا ہے، اور دیگر لوگوں پر فوقیت دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہی حکمتوں کو جاننے وا لاہے۔