سورة النسآء - آیت 166

لَّٰكِنِ اللَّهُ يَشْهَدُ بِمَا أَنزَلَ إِلَيْكَ ۖ أَنزَلَهُ بِعِلْمِهِ ۖ وَالْمَلَائِكَةُ يَشْهَدُونَ ۚ وَكَفَىٰ بِاللَّهِ شَهِيدًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(اے پیغمبر ! اگر یہ لوگ تمہاری سچائی سے انکار کرتے ہیں، تو انکار کریں) لیکن اللہ نے جو کچھ تم پر نازل کیا ہے اور (خدا کے) فرشتے بھی اس کی گواہی دیتے ہیں اور (جس بات پر اللہ گواہی دے تو) اللہ کی گواہی بس کرتی ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

154۔ ابن اسحاق اور بن جریر نے اور بیہقی نے الدلائل میں ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ کچھ یہودی رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کے پاس آئے، آپ نے ان سے کہا، اللہ کی قسم ! مجھے معلوم ہے کہ تمہیں میرے رسول ہونے کا علم ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کا علم نہیں، تو یہ آیت نازل ہوئی کہ اگر یہ لوگ آپ کی رسالت کی گواہی نہیں دیتے ہیں تو نہ دیں، اللہ گواہی دیتا ہے کہ یہ قرآن اس نے آپ پر اتارا ہے، اسے اس کا علم ہے اور فرشتے بھی گواہی دیتے ہیں، اور اللہ کی گواہی کافی ہے۔ علماء نے لکھا ہے کہ اس میں نبی کریم ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کو ایک قسم کی تسلی دی گئی ہے۔