سورة النسآء - آیت 144

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَتَّخِذُوا الْكَافِرِينَ أَوْلِيَاءَ مِن دُونِ الْمُؤْمِنِينَ ۚ أَتُرِيدُونَ أَن تَجْعَلُوا لِلَّهِ عَلَيْكُمْ سُلْطَانًا مُّبِينًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

مسلمانو ! ایسا نہ کرو کہ مسلمانوں کے سوا کافروں کو (جو تمہارے خلاف لڑ رہے ہیں اور تمہاری بربادی پر تلے ہوئے ہیں) اپنا رفیق و مددگار بناؤ۔ کیا تم چاہتے ہو خدا کا صریح الزام اپنے اوپر لے لو۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

137۔ آیت 139 میں منافقین کی یہ صفت بتائی گئی ہے کہ وہ کافروں کو اپنا دوست بناتے ہیں، اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اس صفت منافقین سے مسلمانوں کو روکا ہے، کہ اے ایمان والو ! کافروں کو اپنا دوست نہ بناؤ، اور انہیں مسلمانوں کا راز نہ دو، اگر تم لوگ ایسا کرو گے تو اپنے خلاف اللہ کے نزدیک حجت قائم کرو گے اور عذاب کے مستحق بنو گے۔ حاکم کہتے ہیں، یہ آیت دلیل ہے کہ کافر کی دوستی حرام ہے۔ زمخشری نے لکھا ہے کہ صعصعہ بن صوحان نے اپنے بھتیجے سے کہا، مؤمن کے ساتھ مخلصانہ برتاؤ کرو، اور کافر اور فاجر کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آؤ، فاجر تمہارے اچھے اخلاق سے راضی ہوجائے گا، اور مؤمن کا تم پر حق ہے کہ اس کے ساتھ مخلصانہ برتاؤ کرو۔