سورة النسآء - آیت 80

مَّن يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّهَ ۖ وَمَن تَوَلَّىٰ فَمَا أَرْسَلْنَاكَ عَلَيْهِمْ حَفِيظًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

جو رسول کی اطاعت کرے، اس نے اللہ کی اطاعت کی، اور جو (اطاعت سے) منہ پھیر لے تو (اے پیغمبر) ہم نے تمہیں ان پر نگراں بنا کر نہیں بھیجا (کہ تمہیں ان کے عمل کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

87۔ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اطاعت رسول کی اہمیت بیان کی ہے، اور بتایا ہے کہ کوئی شخص رسول اللہ (ﷺ) کی نافرمانی کر کے اللہ کا فرمانبردار نہیں بن سکتا، رسول اللہ (ﷺ) کی سنت کی خلاف ورزی کر کے اللہ کی بندگی نہیں ہوسکتی۔ جیسا کہ ابھی کچھ ہی دیر پہلے آیت 59 کی تفسیر کے ضمن میں اس کی تفصیل آچکی ہے۔ اس کے بعد اللہ نے فرمایا کہ جو لوگ آپ کی اطاعت سے روگردانی کرتے ہیں انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیجئے، آپ کی ذمہ داری تو صرف ہمارا پیغام ان تک پہنچا دینا تھا، وہ آپ نے کردیا، اب جو شخص آپ کی اتباع کرے گا، وہ نیک بخت ہوگا اور جہنم سے نجات پا جائے گا اور جو روگردانی کرے گا، وہ دنیا و آخرت میں خسارہ پائے گا