سورة الإنسان - آیت 27

إِنَّ هَٰؤُلَاءِ يُحِبُّونَ الْعَاجِلَةَ وَيَذَرُونَ وَرَاءَهُمْ يَوْمًا ثَقِيلًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

یہ لوگ تو دنیا سے محبت رکھتے ہیں اور آگے جو بھاری دن آنے والا ہے اسے نظر انداز کررہے ہیں (٧)۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(27) کفار مکہ اور دیگر کافروں کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ لوگ دنیا کے عارضی فائدوں کو پسند کرتے ہیں اور انہی کے حصول کے لئے ان کی ساری تگ و دو ہے اور قیامت کے دن کی ہولناکیوں کو بھول بیٹھے ہیں، دنیا کی طرف ایسی دوڑ لگا رہے ہیں کہ آخرت کی طرف پیچھے مڑ کر دیکھتے بھی نہیں، گویا کہ دنیا کے لئے ہی پیدا کئے گئے ہیں اور انہیں موت نہیں آئے گی۔