سورة الطلاق - آیت 12

اللَّهُ الَّذِي خَلَقَ سَبْعَ سَمَاوَاتٍ وَمِنَ الْأَرْضِ مِثْلَهُنَّ يَتَنَزَّلُ الْأَمْرُ بَيْنَهُنَّ لِتَعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ وَأَنَّ اللَّهَ قَدْ أَحَاطَ بِكُلِّ شَيْءٍ عِلْمًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اللہ تعالیٰ وہ ہے جس نے سات آسمان بنائے اور انہی کی طرح زمین کو بھی پیدا کیا، ان آسمانوں اور زمین میں اللہ کا حکم نازل ہوتا رہتا ہے تاکہ تمہیں معلوم ہوجائے کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے اور اللہ نے اپنے علم سے ہر چیز کا احاطہ کررکھا ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(12) اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے خبر دی ہے کہ اس نے سات آسمان، سات زمین اور ان کے درمیان کی تمام مخلوقات کو پیدا کیا، دینی احکام و شرائع نازل کئے اور پوری کائنات کو چلانے کے لئے ضابطے اور قوانین بنائے اور ان تمام کا مقصد یہ ہے کہ اس کے بندے اسے پہچانیں اور اس بات کا یقین کرلیں کہ اس کا علم اور اس کی عظیم قدرت تمام چیزوں کا احاطہ کئے ہوئی ہے۔ اور اس علم و یقین کا نتیجہ یہ ہو کہ تمام انسان صرف اسی کی بندگی کریں، اسی سے محبت کریں اور اس کے حقوق کی ادائیگی میں ہرگز کوتاہی نہ کریں۔ وباللہ التوفیق