سورة المنافقون - آیت 1

إِذَا جَاءَكَ الْمُنَافِقُونَ قَالُوا نَشْهَدُ إِنَّكَ لَرَسُولُ اللَّهِ ۗ وَاللَّهُ يَعْلَمُ إِنَّكَ لَرَسُولُهُ وَاللَّهُ يَشْهَدُ إِنَّ الْمُنَافِقِينَ لَكَاذِبُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اے نبی جب منافق آپ کے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ اللہ کے رسول ہیں اور اللہ جانتا ہے کہ بے شک آپ اللہ کے رسول ہیں (مگر) اللہ گواہی دیتا ہے کہ یہ منافقین جھوٹے ہیں (١)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(1) اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے میرے نبی ! جب عبداللہ بن ابی بن سلول اور دیگر منافقین آپ کی مجلس میں آتے ہیں تو اپنی زبان سے مسلمان ہونے کا اظہار کرتے ہیں اور آپ کو دھوکہ دینے کے لئے کہتے ہیں ” ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ اللہ کے رسول ہیں“ اللہ تعالیٰ نے کہا : اللہ جانتا ہے کہ آپ اس کے رسول ہیں، چاہے منافقین اس کی گواہی دیں یا نہ دیں اور اللہ گواہی دیتا ہے کہ منافقین اپنی گواہی میں جھوٹے ہیں ان کا باطن ان کے ظاہر کے مطابق نہیں ہے۔