وَالَّذِينَ جَاءُوا مِن بَعْدِهِمْ يَقُولُونَ رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِينَ سَبَقُونَا بِالْإِيمَانِ وَلَا تَجْعَلْ فِي قُلُوبِنَا غِلًّا لِّلَّذِينَ آمَنُوا رَبَّنَا إِنَّكَ رَءُوفٌ رَّحِيمٌ
اور (اموال فے میں ان لوگوں کا بھی حق ہے) جو ان کے بعد آئے ہیں جو کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب ہمیں اور ہمارے ان بھائیوں کو بخش دے جو ہم سے پہلے ایمان لائے ہیں اور ہمارے دلوں میں اہل ایمان کے لیے بغض وعداوت کو جگہ نہ دے، اور اے ہمارے پروردگار، تو بڑی شفقت کرنے والا نہایت مہربان ہے
(8) ان سے مراد وہ لوگ ہیں جو مدینہ ہجرت کر کے اس وقت آئے جب اسلام قوی ہوچکا تھا، یعنی ان مہاجرین اولین کے بعد آئے جنہیں ان کے گھروں سے اسلام کی وجہ سے نکلنے پر مجبور کردیا گیا تھا بعض حضرات نے ان سے مراد وہ تمام مومنین لئے ہیں جو مہاجرین مکہ اور انصار مدینہ کے بعد قیامت تک دنیا میں آئیں گے اس دوسری رائے کی مصداق سورۃ التوبہ کی آیت (100) ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ” اور جو مہاجرین اور انصار سابق اور مقدم ہیں اور جتنے لوگ اخلاص کے ساتھ ان کے پیرو ہیں، اللہ ان سب سے راضی ہوا اور وہ سب اس سے راضی ہوئے۔ “ مہاجرین اولین اور انصار مدینہ کے بعد آنے والے مومنوں کا وطیرہ یہ ہوتا ہے کہ جب یہ لوگ اپنے رب کے سامنے ہاتھ پھیلاتے ہیں تو اپنے ساتھ اپنے تمام گزشتہ مسلمان بھائیوں کے لئے بھی دعا کرتے ہیں اور یہ اس بات کی دلیل ہے کہ صفت ایمان میں مشارکت کی وجہ سے مومنین ایک دوسرے کے کام آتے ہیں، ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے لئے دعا کرتے ہیں، اسی لئے تو دعا کے دوسرے حصہ میں ” دل میں کھوٹ“ کی نفی کی گئی ہے، جس کی ضد ” آپس میں محبت“ ہے۔ صحابہ کرام کے ذکر کے بعد دعا میں کا قول اس بات کی دلیل ہے کہ اس آیت میں مذکور مومنوں سے مراد وہ اہل سنت و جماعت ہیں جن کا ایمان و عقیدہ صحابہ کرام جیسا ہوتا ہے اور جو صحابہ کرام سے محبت کرتے ہیں اور ان کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔ جو لوگ صحابہ کرام سے نفرت کریں گے، ان کے خلاف دل میں بغض و کینہ رکھیں گے، ان سے اللہ کبھی بھی راضی نہیں ہوگا اور وہ دنیا و آخرت کی سعادت سے محروم کردیئے جائیں گے، چاہے وہ رافضی شیعہ ہوں یا دوسرے ملحدین جو صحابہ کرام کی دل سے قدر نہیں کرتے ہیں، امام مالک رحمہ اللہ نے اسی آیت سے استدلال کر کے کہا ہے کہ جو رافضی صحابہ کرام کو گالی دیتا ہے اس کے لئے مال فئی میں کوئی حصہ نہیں یہ، اس لئے کہ اس آیت میں مذکور مومنین کی کوئی صفت ان میں نہیں پائی جاتی ہے۔ امت اسلامیہ کے یہی تینوں قسموں کے مومنین ہیں جو مال فئی کے حقدار ہیں، اور جنہیں مال دینا درحقیقت اسلام کو نفع پہنچانا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے فضل و کرم سے ہمیں بھی ان لوگوں میں شامل کر دے۔ آمین، یا رب العالمین