سورة المجادلة - آیت 3

وَالَّذِينَ يُظَاهِرُونَ مِن نِّسَائِهِمْ ثُمَّ يَعُودُونَ لِمَا قَالُوا فَتَحْرِيرُ رَقَبَةٍ مِّن قَبْلِ أَن يَتَمَاسَّا ۚ ذَٰلِكُمْ تُوعَظُونَ بِهِ ۚ وَاللَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

جو لوگ اپنی بیویوں سے ظہار کریں پھر اپنی کہی ہوئی بات سے رجوع کرنا چاہیں تو قبل اس کے کہ وہ باہم ملاپ کریں ایک گردن آزاد کرنا ہوگی اس سے تم کو نصیحت کی جاتی ہے اور جو کام تم کرتے ہو اللہ ان سے پوری طرح باخبر ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(3) اس آیت کریمہ میں ان لوگوں کے لئے حکم بیان کیا گیا ہے جو ظہار کرنے کے بعداپنے فعل پر نادم ہوتے ہیں اور جماع کر کے انہیں دوبارہ اپنے لئے حلال بنانا چاہتے ہیں ان پر جماع کرنے سے پہلے واجب ہے کہ وہ ایک مسلمان غلام یا لونڈی آزاد کریں اور اگر یہ میسر نہ ہو، یا اس کی قیمت زیادہ ہو تو مسلسل دو ماہ کا روزہ رکھیں اور اگر کسی بیماری کی وجہ سے اس کی طاقت نہ ہو تو ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلائیں۔