سورة النجم - آیت 30

ذَٰلِكَ مَبْلَغُهُم مِّنَ الْعِلْمِ ۚ إِنَّ رَبَّكَ هُوَ أَعْلَمُ بِمَن ضَلَّ عَن سَبِيلِهِ وَهُوَ أَعْلَمُ بِمَنِ اهْتَدَىٰ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

ان لوگوں کا مبلغ علم ہی بس اتنا ہے تیراب ہی خوب جانتا ہے کہ کون اس کی راہ سے بھٹکا ہوا ہے اور کون سیدھی راہ پر ہے

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(19) اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ان کافروں کا منتہائے علم بھی دنیاوی اغراض و مقاصد ہیں، اس کے سوا نہیں کچھ بھی معلوم نہیں ہے اور جس کا مبلغ علم دنیائے دنی اور اس کی لذتیں ہوں، اسے اس کے حال پر ہی چھوڑ دینا چاہئے۔ آیت کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) سے فرمایا کہ آپ کے رب کو خوب معلوم ہے کہ راہ حق پر کون گامزن ہے اور ضلالت کی وادیوں میں کون بھٹک رہا ہے اور وہ روز قیامت ہر ایک کو اس کے اچھے اور برے اعمال کا بدلہ دے گا۔