سورة الذاريات - آیت 59
فَإِنَّ لِلَّذِينَ ظَلَمُوا ذَنُوبًا مِّثْلَ ذَنُوبِ أَصْحَابِهِمْ فَلَا يَسْتَعْجِلُونِ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
ان ظالموں کے لیے بھی عذاب کا ایک حصہ مقرر ہے جیسا کہ ان کے ہم مشربوں کو حصہ مل چکا ہے، لہذایہ عذاب مانگنے میں جلدی نہ کریں۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(25) جن مشرکین مکہ نے نبی کریم (ﷺ) کی تکذیب اور کفر و شرک اور فساد و سرکشی پر اصرار کر کے اپنے آپ پر ظلم کیا ہے، وہ لوگ گزشتہ زمانوں میں ہلاک کی جانے والی قوموں کی طرح بڑے عذاب کے سزا وار ہوگئے ہیں، وہ جلدی نہ کریں، اسے ضرور آنا ہے اور وقت مقرر پر آنا ہے، اللہ نے اپنی معلوم حکمت کی وجہ سے اسے مؤخر کر رکھا ہے، جب اس کا وقت آجائے گا تو اسے کوئی ٹال نہ سکے گا اور وہ بڑا ہی درد ناک عذاب ہوگا،